کراچی میں پانی کی پائپ لائن کی مرمت کا کام مکمل نہ ہوسکا شہر میں پانی کا بحران

پائپ لائن پھٹنے سے10 کروڑ گیلن پانی کی فراہمی رک گئی ہے جس کی وجہ سے شہر کا بڑا حصہ پانی سے محروم ہوگیا ہے

گزشتہ روز یونیورسٹی روڈ پر ہی 84 انچ قطر کی پائپ لائن پھٹنے کے بعد شہر کو پانی فراہم کرنے والی دوسری لائن بھی پھٹ گئی تھی فوٹو: فائل

KARACHI:
گلشن اقبال میں گزشتہ روز پھٹنے والی پانی کی پائپ لائن کی مرمت کا کام مکمل نہیں ہوسکا جس کی وجہ سے سڑکیں تالاب کا منظر پیش کررہی ہیں اور شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کا بحران پیداہوگیا۔

کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں یونیورسٹی روڈ پرپھٹنے والی پانی کی 84 انچ قطر کی پائپ لائن کی مرمت تا حال نہیں ہوسکی ہے جب کہ واٹر بورڈ کا کہنا ہے کہ اس کے لیئے مزید دو روز درکار ہیں ۔ انتظامیہ کی جانب سے ابھی تک سڑکوں پر کھڑے پانی کو نکالا نہیں جاسکا ہے جس کی وجہ سے اطراف کے علاقےتالاب کا منظر پیش کررہے ہیں اورٹریفک کی روانی بھی بری طرح متاثر ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات پیش آرہی ہیں۔


ذرائع کے مطابق واٹر بورڈ کی لائنیں پھٹنے سے شہر کو 10 کروڑ گیلن پانی کی فراہمی رک گئی ہے جس سے لیاری، لیاقت آباد، کورنگی، محمود آباد، ضلع وسطی، غربی، شرقی، اولڈ کلفٹن اور ڈیفنس کو بھی پانی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے جب کہ واٹر بورڈ کا عملہ بروقت پانی روکنے میں ناکام ہوگیا۔ دوسری جانب سندھ حکومت کی جانب سے بھی اس واقعے پرمسلسل خاموشی دیکھی جارہی ہے اور ابھی تک ذمہ داروں کا تعین نہیں کیا جاسکا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز یونیورسٹی روڈ پر ہی 84 انچ قطر کی پائپ لائن پھٹنے کے بعد شہر کو پانی فراہم کرنے والی دوسری لائن بھی پھٹ گئی تھی جس سے علاقے مزید پانی جمع ہوگیا جب کہ دو لائنیں پھٹنے سے کروڑوں گیلن میٹھا پانی ضائع ہوگیا جس سے شہر میں پانی کا نیا بحران پیدا ہوگیا۔

Load Next Story