عامر خان ٹورنامنٹ آرمی اور نیوی کے باکسرز میں برتری کی جنگ

بری فوج کے 5 پلیئرز فائنل میں قسمت آزمائیں گے، سمندری محافظوں کے 4 کھلاڑی ٹائٹل جیتنے کے آرزومند

بری فوج کے 5 پلیئرز فائنل میں قسمت آزمائیں گے، سمندری محافظوں کے 4 کھلاڑی ٹائٹل جیتنے کے آرزومند۔ فوٹو: فائل

آل پاکستان عامر خان باکسنگ ٹورنامنٹ کے فائنلز پیر کو کھیلے جائیں گے، قومی چیمپئن پاکستان آرمی اور نیوی ٹائٹل کے لیے برسرپیکار ہوں گے، اختتامی تقریب میں کور کمانڈر کراچی مہمان خصوصی ہوں گے، پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان خصوصی شرکت کرینگے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان رینجرز سندھ کے زیر اہتمام سندھ باکسنگ ایسوسی ایشن کے تعاون اور پاکستان باکسنگ فیڈریشن کی نگرانی میں جاری 8روزہ آل پاکستان عامر خان باکسنگ ٹورنامنٹ پیر کو اختتام پزیر ہوجائے گا، پیپلز اسپورٹس کمپلیکس کے استاد عبداللہ بلوچ باکسنگ اسٹیڈیم پرآخری روز ٹورنامنٹ کے تما م10 ایونٹس کے فائنل مقابلے ہونگے، ٹرافی کے حصول کیلیے پاکستان آرمی اور پاکستان نیوی کے باکسرز تگ ودو کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ گولڈ میڈلز حاصل کرنے کی کوشش کریں گے، پاکستان آرمی کے 5 باکسرز نے فائنل میں جگہ بنائی ہے، پاکستان نیوی کے 4 فائنل میں پہنچے، بلوچستان کے 3 باکسرز نے بھی گولڈمیڈلز پر نظریں جما رکھی ہیں، پی اے ایف اور گلگت و بلتستان کے2،2 باکسرز حتمی مرحلہ تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے ہیں، جبکہ سندھ وائٹس، سندھ گرین، پاکستان رینجرز سندھ اور واپڈا کا 1،1 باکسر گولڈ میڈل جیتنے کی آرزو لیے رنگ میں اترے گا۔ شیڈول کے مطابق 49کلوگرام میں جہاں زیب (سندھ گرین) کا مقابلہ داؤد خان(نیوی) سے ہوگا۔


52 کلوگرام میں آصف رضا (نیوی) کے مقابل سید محمدآصف (بلوچستان) ہونگے۔ 56 کلوگرام میں نادر بلوچ (رینجرز) کا سامنا شعیب خان (گلگت و بلتستان) سے ہوگا۔ 60کلوگرام میں کامران خان (آرمی وائٹس) اورعامر خان(نیوی) رنگ میں اتریں گے۔ 64کلوگرام میں سلمان بلوچ(آرمی وائٹس) اپنے حریف عدنان حسن(پی اے ایف) کو زیر کرنے کی کوشش کرینگے۔69کلوگرام میں عامر خان(واپڈا) کو عبدالرؤف (آرمی وائٹس) کا سامنا درپیش ہوگا۔ 75کلوگرام میں تنویر احمد (نیوی) اور محمد عمران(آرمی وائٹس)کا مقابلہ ہونا ہے۔ 81کلوگرام میں اویس علی خان (آرمی وائٹس) کے حریف عصمت اللہ (بلوچستان) ہوں گے۔91کلوگرام میں اظہر اپنے حریف مرزا اعظم (پی اے ایف)کو زیر کرکے گلگت و بلتستان کو پہلا گولڈ میڈل دلوانے کی کوشش کریں گے۔ +91کلوگرام میں محمد شہباز(آرمی وائٹس) کا ٹکراؤ یاسر جمیل(سندھ وائٹس) سے طے ہے۔

ٹورنامنٹ کے کوآرڈینیٹر محمد اصغر بلوچ کے مطابق فائنلز اوررنگا رنگ تقریب تقسیم انعامات کے موقع پرکور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار مہمان خصوصی ہونگے جبکہ عالمی شہرت یافتہ انٹرنیشنل باکسر عامر خان مہمان خاص ہونگے۔ اس موقع پر پاکستان رینجرز سندھ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بلال اکبر، پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے صدر دودا خان بھٹو، سیکریٹری اقبال حسین اور صوبائی سیکریٹری اسپورٹس محمد راشد بھی موجود ہوں گے، قبل ازیں قومی نغمے اور سندھ کے روایتی رقص بھی پیش کیے جائیں گے، سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات ہوں گے۔
Load Next Story