امریکی کمپنی کا مالک سانتا کلاز بن گیا

غ۔ع  منگل 22 دسمبر 2015
ہر ملازم کو کرسمس پر ایک لاکھ ڈالر کا بونس دے ڈالا۔ فوٹو: فائل

ہر ملازم کو کرسمس پر ایک لاکھ ڈالر کا بونس دے ڈالا۔ فوٹو: فائل

عیسائی معاشرے میں سانتا کلاز ایک افسانوی کردارہے جس کے بارے میں بچوں کو بتایا جاتا ہے کہ وہ کرسمس سے ایک روز پہلے یعنی چوبیس دسمبر کی رات کو آکر انھیں خوب صورت تحائف دے گا۔

سانتا کلاز کے تحفے تو خیر کسی کو نہیں ملتے مگر ایک پیٹرولیم کمپنی کا مالک اپنے ملازمین کے لیے اس وقت حقیقی سانتا کلاز بن گیا جب اس نے ہر ملازم کو کرسمس پر ایک لاکھ ڈالر دے دیے! پاکستانی رپوں میں یہ رقم ایک کروڑ سے زائد بنتی ہے۔ کیا آپ تصور کرسکتے ہیں کہ کسی پاکستانی کمپنی کا مالک اپنے ملازموں میں عید پر ایک ایک کروڑ روپے بانٹ دے؟

تیل اور گیس تلاش کرنے والی ہیلی کورپ انرجی کمپنی ٹیکساس میں قائم ہے۔ اس کے کُل وقتی ملازمین کی تعداد 1381 ہے۔ یوں کمپنی کے مالک اور سی ای او جیف ہلڈر بینڈ نے تیرہ کروڑ اکیاسی لاکھ ڈالر اپنے کارکنوں میں بانٹ کر ان کی کرسمس کی خوشیاں کئی گنا بڑھا دیں۔

کمپنی کے استقبالیہ پرذمہ داری انجام دینے والی امینڈا تھامپسن اس بارے میں کہتی ہیں،’’ مسٹر جیف کی طرف سے یہ حقیقی تحفہ ہے۔ ان کی انھی عنایتوں کی وجہ سے ہر ملازم پورے جوش و جذبے کے ساتھ کام کرتا ہے۔‘‘ غالباً یہی وجہ ہے کہ عالمی شہرت یافتہ جریدے’’ فورچون‘‘ نے ہیلی کورپ انرجی کو مسلسل تیسری بار سو بہترین کمپنیوں میں شامل کیا ہے جو اپنے ملازمین کو بہترین سہولتیں فراہم کرتی ہیں۔

جیف ہلڈربینڈ اور ہیلی کورپ انرجی کمپنی کے صدر گریگ لیلیکر نے  ملازمین سے وعدہ کیا ہے اگر پانچ سال کے دوران کمپنی کا کاروبار دگنا ہوگیا تو انھیں یادگار بونس ملے گا۔ امینڈا کا کہنا ہے کہ اس ہدف کو حاصل کرنے کے لیے ہر ملازم اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لارہا ہے، اور ہمیں امید ہے کہ یہ ہدف حاصل ہوجائے گا۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے جب ہیلی کورپ انرجی کے ملازمین کو بونس کے طور پر ایک بڑی رقم ملی ہو۔ اس سے قبل 2010ء میں مقررہ ہدف حاصل ہونے پر ہر ملازم کو 35000 ڈالر نقد یا پھر 50000 ڈالر کی کار لینے کا اختیار دیا گیا تھا۔ مگر اس بار کمپنی کے ملازمین ماضی سے زیادہ خوش ہیں۔ اور کیوں نہ ہوں۔۔۔۔۔ ایک لاکھ ڈالر سے ان کی زندگیاں بدل سکتی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔