امریکا میں بارش اور طوفان سے ہلاکتوں کی تعداد 26 ہوگئی

ویب ڈیسک  اتوار 27 دسمبر 2015

امریکا میں بارشوں اور طوفان نے شمال مشرقی و مغربی ریاستوں میں تباہی مچادی جس کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 26 تک پہچ گئی جب کہ کئی مکانات تباہ اورمتعدد علاقوں میں مواصلاتی نظام درہم برہم ہوکر رہ گیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکا کی شمال مشرقی اور مغربی ریاستوں میں ہونے والی شدید بارشوں، طوفان اور طوفانی بگولوں  نے تباہی مچادی جس کے نتیجے میں اب تک 26 افراد ہلاک اورمتعدد زخمی ہوچکے ہیں جب کہ طوفان کے باعث متاثرہ ریاستوں میں سیکڑوں مکانات سمیت سڑکیں اور مواصلاتی نظام مکمل طورپرتباہ ہوگیا۔ حکام کے مطابق طوفان کے نتیجے میں شمال مشرقی ریاست میں ایک چھوٹے ایئرپورٹ پرکئی جہاز تباہ ا ور متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

ریاست مسی سپی کی بینٹن کاؤنٹی میں لاپتہ 2 افراد کی لاشیں مل گئی ہیں جس کے بعد مسی سپی میں آنے والے طوفان کے بعد سے ہلاکتوں کی تعداد 10 ہوگئی اور وہاں تیزہواؤں کی وجہ سے 400 سے زائد مکانات مکمل طورپرتباہ ہوچکے ہیں جب کہ 56 کے قریب افراد زخمی ہیں جنہیں مختلف اسپتالوں میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے،ٹیکساس کے شہر ڈالاس میں طوفان کے باعث مختلف حادثات میں 8 افراد ہلاک ہوئے جب کہ ریاست ٹینیسی میں 6 ، آرکنساس اور الاباما میں ایک ایک ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ طوفان سے کئی مکانات کی چھتیں اڑ گئیں جب کہ طوفانی بگولوں سے سینکڑوں گھرمکمل طورپرتباہ ہوگئے۔ امریکی حکام کے مطابق طوفان سے متاثرہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں جب کہ ماہرین موسمیات نے طوفان کو انتہائی خطرناک قراردے دیا ہے اور مختلف ریاستوں میں 16 انچ تک برفباری پڑنے کی بھی پش گوئی کی گئی ہے جس کے بعد عوامی مشکلات میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ 2014 میں بھی طوفانی بگولوں کے نتیجے میں ریاست ٹیکساس اورالباما میں بڑے پیمانے پرتباہی مچائی تھی جس میں 5 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔