عید پرچٹ پٹے پکوان اور باربی کیو کی تیاری عروج پر رہی

ہنٹر بیف اور روسٹ خاص طور پر تیار کیے گئے، تکے اور کباب بھی بھونے جا تے رہے۔

ہنٹر بیف اور روسٹ خاص طور پر تیار کیے گئے، تکے اور کباب بھی بھونے جا تے رہے۔ (فوٹو: ایکسپریس)

قربانی کے گوشت سے چٹ پٹے پکوان اور باربی کیو کی تیاری عروج پررہی، عوام کی اکثریت گھروں میں اہل خانہ کے ہمراہ تکے، کباب بھون رہے ہیں۔


تاہم بیشتر افراد مشہور کبابیوں اور پکوان سینٹرز کی خدمات حاصل کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں، تفصیلات کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں پکوان سینٹرز اور باربی کیو کی دکانوں پر بے حد رش پایا جاتا ہے ساتھ ہی تکوں کی تیاری میں استعمال ہونیوالے لوازمات میں بھی کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے، شہر میں فاسٹ فوڈ سینٹرز بھی قربانی کے گوشت سے مزے مزے کے پکوان بنانے میں مصروف ہیں، خاص طور پر ہنٹر بیف اور روسٹ تیار کیے جارہے ہیں، شہر کی مشہور دکانوں پر ہنٹر بیف اور روسٹ کے آرڈرز کی بھرمار ہے اور ہنٹر بیف تیار کرنے والے مشہور فاسٹ فوڈ سینٹرز آرڈر کی ڈیلیوری24گھنٹے بعد دے رہے ہیں۔

شہر کے مختلف علاقوں میں ہنٹر بیف اور روسٹ 200سے 250روپے کلو تیار کیا جارہا ہے، ادھر عید کی تعطیلات کے آخری روز عوام کی بڑی تعداد نے شہر کی مختلف تفریح گاہوں کا رخ کرلیا فیملیز کیلیے مخصوص تفریح گاہوں میں نوجوانوں کی ٹولیوں کی یلغار سے فیملی کے ہمراہ تفریح منانے کے خواہش مند افراد کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا، مختلف علاقوں میں بچوں کی تفریح کیلیے روایتی جھولے لگائے گئے جبکہ فیملی پارکس میں میلے کا سماں رہا، سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے بعد مزے مزے کے پکوانوں سے لطف اندوز ہونے کے بعد شہریوں کی اکثریت مہمان نوازیوں سے بچنے والا وقت سیرسپاٹوں میں صرف کررہے ہیں۔عید الاضحی پر گھروں میں باربی کیو بنانے کا سلسلہ مزید تین ، چار روز تک جاری رہتا ہے اور شہری اپنی دوستوں اور اہل خانہ کے ہمراہ اپنے گھروں کی چھتوں پر کباب اور دیگر پکوان بنانے میں مصروف رہتے ہیں۔
Load Next Story