عید الاضحی کے 3روز فائرنگ کے واقعات میں13افراد ہلاک

کھوکھراپار2نمبر پرنامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے1شخص جاں بحق،شادمان ٹائون میں موٹرسائیکل سوارکوملزمان نے گولیاں ماردیں۔

سکھن میں رینجرز کی خود کش بمبار کی موجودگی کی اطلاع پرکارروائی، ملزمان نے فائرنگ کردی ،جوابی فائرنگ سے 33 سالہ جان محمد ہلاک فوٹو: فائل

شہرکے مختلف علاقوں میں عیدالاضحی کے 3 روزکے دوران13افراد ہلاک ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق کھوکھراپار2نمبر پرہوٹل پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ہوٹل کا مالک42سالہ شاہد حسین ولد منظور حسین ہلاک ہوگیا،پولیس ذرائع کے مطابق مقتول سے نامعلوم ملزمان نے بھتہ طلب کیا تھا جوکہ نہ دینے کے باعث اسے قتل کردیا گیا،شرافی گوٹھ میں مرتضیٰ چورنگی کے قریب واقع مقامی فیکٹری کے سیکیورٹی گارڈ 35سالہ غلام عباس ولد نور شاہ کو نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا ، شادمان ٹائون میں فائرنگ سے موٹر سائیکل سوار22 سالہ فہد احمد صدیقی ولد فہیم احمد صدیقی ہلاک ہوگیا ، شارع نور جہاں پولیس کے مطابق مقتول شادمان ٹائون سیکٹر 15-B میں مکان نمبر R-316 کا رہائشی تھا ،نارتھ ناظم آباد Q بلاک میںکٹی پہاڑی کے قریب نامعلوم افرادکی فائرنگ سے40سالہ رازی مت خان ولد گل خان ہلاک ہوگیا ،شارع نور جہاں پولیس کے مطابق مقتول ذاتی دشمنی کی بنا پر قتل کیا گیا ۔

پیرآباد کے علاقے کنواری کالونی میں نامعلوم افرادکی فائرنگ سے 30 سالہ عبدالغفور ولد گلاب خان ہلاک ہوگیا ، پولیس کے مطابق مقتول کا محسود قبیلے سے تعلق ہے اور اسے مخبری کے شبے میں قتل کیا گیا ہے،غریب آباد میں پل کے نیچے لیاری ندی کے کنارے سے بوری میں بند لاش ملی جس کی شناخت 25 سالہ نیاز بادشاہ ولد گل بادشاہ کے نام سے کی گئی، بلدیہ ٹائون4نمبر میں لاسی محلے میں نامعلوم ملزمان نے گھر سے بلاکر 20 سالہ کامران ولد ایوب کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا اور فرار ہوگئے،ماڑی پور روڈ سے نامعلوم نوجوان کی لاش ملی جسے فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا ،ناظم آباد 2 نمبر میں پرنس اسکوائر کے قریب بیٹھے ہوئے افراد پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کردی جس سے اعجاز احمد اور محمود قریشی شدید زخمی ہوگئے، محمود قریشی نجی اسپتال میں دم توڑ گیا ۔


سکھن کے علاقے میں رینجرز اہلکاروں نے خود کش بمبار کی موجودگی کی اطلاع پر لعل آباد میں چھاپہ مارا تاہم وہاں موجود افراد نے رینجرز پر فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے ، رینجرز کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں فائرنگ کی زد میں آکر 33 سالہ جان محمد ولد جنت خان ہلاک ہوگیا ، ایس ڈی پی او سکھن ڈی ایس پی چن زیب نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول 3 بچوں کا باپ اور پیشے کے اعتبار سے مزدور تھا ،ماڈل کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 16 سالہ جہانزیب ولد نثار ہلاک ہوگیا ،پاک کالونی کے علاقے میں میوہ شاہ قبرستان کے قریب سے بوری میں بند نوجوان کی لاش ملی ، علاقہ ایس ایچ او واحد اعوان نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول کی شناخت 26 سالہ صابر علی ولد محمد حمید کے نام سے ہوئی جوکہ پریس کوارٹرز پی آئی بی کالونی کا رہائشی تھا ۔

کلفٹن کے علاقے ڈیفنس فیز فائیو توحید کمرشل میں فائرنگ سے 50 سالہ نصیر اختر ولد عمر خان ہلاک ہوگیا ،علاوہ ازیں شارع فیصل کے علاقے گلستان جوہر بلاک 16میں جبل رحمت کے قریب40سالہ محمد اکرم زخمی ہوگیا جسے جناح اسپتال پہنچایا گیا ،بنارس چوک پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 26 سالہ راشد زخمی ہوگیا ، کھارادر کے علاقے جوڑیا بازار میں فائرنگ سے متحدہ قومی موومنٹ یو سی 3-B کا کارکن وقاص میمن زخمی ہوگیا ، لانڈھی ایک نمبر پرملزمان کی فائرنگ سے 50 صابر زخمی ہوگیا جسے جناح اسپتال پہنچایا گیا ،ناظم آباد پل کے قریب22 سالہ زبیر زخمیہوگیا ، جوہر چورنگی کے قریب پڑوسیوں کے درمیان جھگڑے میں فائرنگ سے22 سالہ عمیر ولد ممتاز علی زخمی ہوگیا،ملیر بکرا پیڑی میں آنسو گوٹھ میں بھی جھگڑے کے دوران فائرنگ ہوگئی.

جس سے 35سالہ سلیم ولد علی بخش زخمی ہوگیا ،یونیورسٹی روڈ پر نامعلوم سمت سے آنے والی گولیاں لگنے سے رکشا ڈرائیور امداد حسین اورمسافر لیاقت علی زخمی ہوگئے، جمشید کوارٹرزکے علاقے میں اسلامیہ کالج کے سامنے ڈاکوئوں نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پرفائرنگ کرکے20سالہ عثمان کوزخمی کردیا،الفلاح کے علاقے پنجاب ٹائون میںکھالیں چھیننے کی کوشش کے دوران35سالہ احسان زخمی ہوگیا باتھ آئی لینڈ اسٹریٹ 13میں اپنے ہی رپیٹر سے اتفاقیہ طور پرگولی چل جانے سے50 سالہ نظام کھوسو زخمی ہوگیا ،لانڈھی 89 میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے حماد زخمی ہوگیا۔
Load Next Story