پاک بھارت سیکرٹری خارجہ مذاکرات منسوخ ہونے سے متعلق متضاد اطلاعات

جہاں تک مجھے یادپڑتا ہےمیں نےسیکرٹری خارجہ مذاکرات کی منسوخی سےمتعلق کوئی بیان نہیں دیا، بھارتی مشیر قومی سلامتی امور

پاکستان اوربھارت کے درمیان سیکرٹری خارجہ سطح کے مذاکرات 15 جنوری کو ہونے جا رہے ہیں۔ فوٹو: فائل

بھارت کے مشیر برائے قومی سلامتی امور اجیت دول نے پاک بھارت سیکرٹری خارجہ مذاکرات کی منسوخی سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے جب کہ بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سیکرٹری خارجہ سطح کے مذاکرات منسوخ کر دیئے گئے ہیں۔

بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق بھارت کے مشیر برائے قومی سلامتی امور اجیت دول نے اپنے ایک انٹر ویو میں کہا ہے کہ پٹھان کوٹ حملے میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف کارروائی تک پاکستان کے ساتھ مذاکرات نہیں ہوں گے۔


دوسری جانب اجیت دول نے اپنے ایک بیان میں اس قسم کی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جہاں تک مجھے یاد ہے میں نے ایسا کوئی انٹرویو نہیں دیا جس میں پاک بھارت سیکرٹری خارجہ مذاکرات کی منسوخی کے حوالے کچھ کہا ہو۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 15 جنوری کو سیکرٹری خارجہ سطح کے مذاکرات ہونے جا رہے ہیں جس میں دہشت گردی اور مسئلہ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ بھارت نے گزشتہ برس نئی دلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے حریت پسند کشمیری رہنماؤں سے ملاقات کا بہانہ بنا کر اسلام آباد میں ہونے والے سیکرٹری خارجہ سطح کے مذاکرات منسوخ کر دیئے تھے۔
Load Next Story