عبوری حکومت کیلئے ن لیگ سے مشاورت کی جائیگی راجا پرویز

انتخابات وقت پرہونگے،سیاسی جماعتیں تیاریاں شروع کردیں،اصغرخان کیس نے بہت سے سیاسی کھلاڑی بے نقاب کردیے

ملک بھرمیں عوامی جلسے کرینگے،کابینہ اجلاس سے خطاب، امریکا میں طوفان سے نقصان پر افسوس،نوازشریف کوپھرفون۔ فوٹو: فائل

وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے اصغر خان کیس میں دیے گئے فیصلے نے بہت سارے سیاسی کھلاڑیوں کوبے نقاب کردیاہے۔

حکومت عدالت کے فیصلے پر عملدرآمدکرے گی، ہم ادارہ جاتی سطح پر ایسی کوششیں کر رہے ہیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات دوبارہ نہ ہوں ، موجودہ حکومت کی آئینی مدت کی تکمیل کے بعد آزادانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد حکومت کے لیے سب سے اہم ایجنڈا ہے، شفاف انتخابات سے جمہوریت مضبوط ہو گی، بدھ کوکابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات کوشفاف اور آزادانہ بنانے کیلیے موجودہ حکومت کے اقدامات کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔


مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ انتخابات وقت پر ہونگے،سیاسی جماعتیں تیاریاں شروع کردیں۔وزیراعظم نے کابینہ کے ارکان کو خادم الحرمین الشریفین کی دعوت پر حج بیت اللہ کیلیے سعودی عرب میں قیام اور سعودی قیادت کیساتھ ملاقاتوں کے بارے میں بریف کیا ، وزیر اعظم نے کہاکہ سعودی عرب کے ولی عہد کو دورۂ پاکستان کی دعوت دی ہے جو انھوں نے قبول کرلی ہے، وزیر اعظم نے عید الاضحیٰ کے موقع پر امن و امان کے قیام کیلیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی اور وزیر داخلہ رحمن ملک کی کوششوں کو سراہا، وزیر اعظم نے امریکا میں بدترین سمندری طوفان سے جانی و مالی نقصانات پر امریکی حکومت اور عوام کیساتھ افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکا میں مقیم پاکستانیوں کی سلامتی اور تحفظ کیلیے پاکستانی سفارتخانے کو ہدایت جاری کردی گئی ہے۔

اے پی پی کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ وہ ملک بھر میں عوامی جلسوں کا سلسلہ شروع کریں گے جبکہ آئندہ ہفتے لائوس میں ایشیاء یورپ میٹنگ (آسم) کے سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے ۔ آئی این پی کے مطابق وزیراعظم نے ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف کو بدھ کو ایک بار پھر ٹیلی فون کیا اور انھیں یقین دلایا ہے کہ عام انتخابات وقت پر کرائے جائیں گے ، اپوزیشن کے تحفظات دور کیے جائیں گے ، عبوری حکومت کی تشکیل کیلیے (ن) لیگ سے مشاورت کی جائے گی، گزشتہ روز بھی وزیراعظم نے میاں نواز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے عید کی مبارکباد دی تھی۔
Load Next Story