سیاسی ہائی جیکر زکو شب خون نہیں مارنے دینگے تسنیم قریشی

پیپلز پارٹی انتخابات میں ن لیگ اور سونامی کا دھڑن تختہ کر دے گی، تقریب سے خطاب.


Numaindgan Express November 01, 2012
پیپلز پارٹی انتخابات میں ن لیگ اور سونامی کا دھڑن تختہ کر دے گی، تقریب سے خطاب. فوٹو: فائل

وزیر مملکت برائے پانی و بجلی تسنیم احمد قریشی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کو ماضی کی طرح ہتھکنڈوں میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گااور آئندہ کسی سیاسی ہائی جیکر کو عوامی مینڈیٹ پر شب خون بھی نہیں مارنے دیا جائیگا۔

پیپلز پارٹی عام انتخابات میں عوام کے ووٹ کی قوت سے ن لیگ اور سونامی کا دھڑن تختہ کر دیگی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیپلز سیکریٹریٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ 2013 ء الیکشن کا سال ہے اور پیپلز پارٹی کے جیالے گلی گلی کوچہ کوچہ پھیل جائیں اور انتخابات کی تیاریاں کریں۔

اس موقع پر حلقہ این اے 69 سے پی پی پی کی امیدوار آمنہ ملک' ضلعی صدر ملک مظہر انوار وڈھل' جنرل سیکرٹری عباس خان بلوچ' ضلعی پریس سیکرٹری غلام اکبر بھٹی، حلقہ پی پی 41سے امیدوار سردار سجاد عباس خان بلوچ ،حلقہ پی پی 39 کے امیدوار ملک نعیم صادق اعوان' ملک ظفر علی اعوان سمیت جیالوں کی بھاری تعداد موجود تھی۔ وزیر مملکت برائے پانی و بجلی نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر کے مسلم لیگ ن کو پنجاب سے بھی بھگا دیگی اور پنجاب میں اپنی حکومت بنائے گی۔ پارٹی کارکن اپنی رنجشیں اور اختلافات بھلا کر پارٹی اور صدرکے ہاتھ مضبوط بنائیں۔