امریکا میں سمندری طوفان ’’ سینڈی ‘‘ سے ہلاکتوں کی تعداد 72 ہوگئی
سینڈی طوفان کے بعد امریکی ریاست نیوجریسی میں تباہی کا ایک منظر فوٹو: اے ایف پی
امریکا میں سینڈی طوفان سے ہلاکتوں کی تعداد 72 ہوگئی، لاکھوں افراد تاحال بجلی سےمحروم ہیں.
امریکا کی شمال مشرقی ریاستوں میں سمندری طوفان '' سینڈی'' سے ہونے والی خوفناک تباہی کے بعد زندگی آہستہ آہستہ معمول کی جانب لوٹ رہی ہے۔ اس طوفان نے کتنی تباہی مچائی ابھی اس کا اندازہ لگانا مشکل ہے۔
نیویارک کے مرکزی ہوائی اڈوں میں سے چند ایک عارضی طور پر کھول دئیے گئے ہیں ۔ لیکن زیادہ ترائیرپورٹس ابھی بھی پانی میں گھرےہوئےہیں جب کہ زیر آب آنے والے انڈر گراؤنڈ ٹرین کے نظام کی جزوی بحالی کا امکان ہے۔ سب وے کی سرنگیں اور بجلی کے آلات زیر آب آ گئے ہیں اور نیٹ ورک کو دوبارہ شروع کرنے سے پہلے انہیں صاف کیا جانا ضروری ہے۔ لاکھوں مکانات کو بجلی کی فراہمی تاحال منقطع ہے۔ بجلی نہ ہونےکی وجہ سے ٹنلز سے پانی نکالنےمیں مشکلات کا سامنا ہے۔ بجلی کی فراہمی منقطع ہونے کی وجہ سے لوگوں تک پینے کا صاف پانی بھی نہیں پہنچ رہا۔ نیویارک سٹی میں زیادہ تربس سروس بحال ہوگئی ہے، ٹرام اور چھوٹی کشتیاں اپنی سروس شروع کر رہی ہیں، لیکن نیو یارک کے پل ابھی بند رہیں گے۔
طوفان سے سب سے زیادہ متاثرہ ریاست نیوجرسی میں20 ہزار سے زائد افراد اپنے مکانات میں گندے پانی میں پھنسے ہوئے ہیں۔ جب کہ طوفان سے متاثر ہونے والی 13 ریاستوں میں امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔ امریکی صدر باراک اوباما نے ریاست نیو جرسی کا دورہ کیا۔ انہوں نے رپبلکن گورنر کرس کرسٹی کے ساتھ اٹلانٹک سٹی میں امدادی کارکنوں اور رہائشیوں کے ساتھ ملاقات کی۔ صدر براک اوباما نے اس طوفان کے بعد اپنی انتخابی مہم معطل کر دی تھی جسے وہ جمعرات سے دوبارہ شروع کر رہے ہیں۔