سیاست کا مذہب اور مذہب کا سیاست سے تعلق نہیں اقبال حیدر

الطاف حسین واحد لیڈر ہیں جنھوں نے فورم کے سیکولر نظریے کی بھرپورتائید وحمایت کی

فورم فار سیکولر پاکستان کے تحت سیمینار سے ڈاکٹر جعفر احمد خطاب کررہے ہیں، اقبال حیدر بھی موجود ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

فورم فار سیکولر پاکستان کے چیئرمین اور سابق وفاقی وزیر قانون اقبال حیدر نے کہا ہے کہ پاکستان کا نام اسلامی جمہوریہ پاکستان سے تبدیل کرکے عوامی جمہوریہ پاکستان رکھا جائے۔

مذہبی انتہا پسندی، تعصبات، دہشت گردی اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے، اگر پاکستان کو قائداعظم کا پاکستان بنانا ہے ،تو اس کیلیے ملک میں سیکولر نظام رائج کیا جائے،ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعرات کو پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ہائوس میں فورم فار سیکولر پاکستان کے تحت بڑھتی ہوئی مذہبی انتہا پسندی کے موضوع پر ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سیمینار میں دانشوروں ، ڈاکٹرز، ادیب، شاعروں سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اقبال حیدر نے کہا کہ سیاست کا مذہب اور مذہب کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے، سیاست میں مصلحت ہوتی ہے اور مذہب میں مصلحت کی گنجائش نہیں ہوتی، آج ہم قیام پاکستان کے بنیادی اصولوں کو بھول گئے ہیں، ملک میں ہر طرف بے چینی اور افراتفری کا راج ہے، ہر جماعت اور شخص ایک دوسرے پر سبقت حاصل کرنے کی کوشش کررہا ہے، نام نہاد مذہبی تنظیموں کے سبب ملک میں انتہا پسندی میں اضافہ ہورہا ہے،ایسی نام نہاد تنظیموں پر فوری پابندی عائد کی جائے ، اقبال حیدر نے کہا کہ ریاست کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، ریاست میں رہنے والے شہری مختلف مذاہب سے تعلق رکھتے ہیں اور انھیں برابری کی بنیاد پر حقوق ملنے چاہئیں۔


اگر ریاست کے شہریوں کو برابری کی بنیاد پر حقوق نہیں ملیں گے تو ریاست میں انتشار پیدا ہوگا،کشمیر کی جنگ آزادی کی جنگ ہے،بعض تنظیمیں جہاد کے نام پر لوٹ مار کررہی ہیں اور یہ لوٹ مار دہشت گردی کا سبب ہے،ملک میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کی بڑی وجہ تعلیم کی کمی ہے،انھوں نے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کے واحد لیڈر ہیں جنھوں نے سب سے پہلے ہمارے فورم کے سیکولر نظریے کی تائید و حمایت کی، ایم کیو ایم کی رکن قومی اسمبلی کشور زہرہ نے کہا کہ آج ملک کو سب سے بڑا خطرہ دہشت گردی اور انتہا پسندی سے ہے۔

بعض تنظیمیں اسلام کا نام استعمال کرکے ملک میں دہشت گردی کررہی ہیں،ایسی تنظیموں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیںہے، اسلام امن کا مذہب ہے اور سب کے احترام کا درس دیتا ہے، جامعہ کراچی کے پاکستان اسٹیڈیز سینٹر کے چیئرمین ڈاکٹر جعفر احمد نے کہا کہ ملک میں مذہبی تعلیم کا نصاب یکساں نہیں ہے جس کی وجہ سے مختلف مسائل پیدا ہورہے ہیں،انھوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کو روکنے کیلیے حکومت کو کالعدم تنظیموں کے خلاف سخت کارروائی کرنی ہوگی،سینئر صحافی بابر ایاز نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلیے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

ماہر تعلیم شائستہ زیدی نے کہا کہ آج انتہا پسندی ہمارے مزاج کا حصہ بن گئی ہے اور اس مزاج کو ختم کرنے کیلیے ہر شخص کو اپنے کردار کا خود جائزہ لینا ہوگا،سیمینار میں سیکولر فورم کے جنرل سیکریٹری قاضی جاوید، شیما کرمانی، ڈاکٹر ٹیپو سلطان، مقتدا منصور اور دیگر بھی موجود تھے،سیمینار میں شرکا نے مذہبی انتہا پسندی کے حوالے سے سوالات کیے جن کے سیکولر فورم کے چیئرمین اقبال حیدر نے جواب دیے۔
Load Next Story