آسٹریلین اوپن پر فکسنگ کے سائے مزید گہرے

مکسڈ ڈبلز کا ایک مقابلہ مشکوک قرار،غیرمعمولی پیٹرنز پرفاتح جوڑی پرجوا معطل

لارا اروبا رینا اور ڈیوڈ مریرو کا کسی بھی غلط حرکت کے ارتکاب سے صاف انکار فوٹو: اے ایف پی/فائل

آسٹریلین اوپن پر فکسنگ کے سائے مزید گہرے ہوگئے، مکسڈ ڈبلز کا ایک مقابلہ شکوک کی زد میں آگیا، غیرمعمولی پیٹرنز پر بیٹنگ کمپنی نے فاتح جوڑی پر کھیلا گیا جوا معطل کردیا،دوسری جانب لارا اروبا رینا اور ڈیوڈ مریرو نے کسی بھی غلط حرکت کے ارتکاب سے صاف انکار کیا ہے۔

سابق آسٹریلوی پلیئر نک لائنڈل نے فکسنگ کا جرم قبول کرلیا، دس برس سزا کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق میلبورن میں جاری آسٹریلین اوپن کے آغاز سے قبل فکسنگ اسکینڈل نے دنیائے ٹینس کو ہلا کر رکھ دیا مگر کرپٹ سرگرمیوں کا سلسلہ رکتا ہوادکھائی نہیں دے رہا۔ سال کے پہلے گرینڈ سلم ایونٹ کے مکسڈ ڈبلز کا پہلے راؤنڈ کا ایک مقابلہ بھی شکوک کی زد میں آگیا ہے۔ اس میں پولینڈ کے لوکاسز کبوٹ اور جمہوریہ چیک کی آندریا ہلاواکووا نے اسپینش لارا اروبارینا اور ڈیوڈ ماریرو کو 6-0 اور 6-3 سے زیر کیا تھا۔

شرطوں کا قانونی کاروبار کرنیوالی کمپنی پنیکل اسپورٹس نے انکشاف کیاکہ میچ سے کافی پہلے بہت بڑی تعداد میں کبوٹ اور آندریا کے جیتنے پر بڑا جوا کھیلا گیا تھا، چند لوگوں کی جانب سے بہت بڑی رقومات داؤ پر لگانے سے ہم چونک گئے کیونکہ عام طور پر مکسڈ ڈبلز مقابلوں میں بہت کم داؤ کھیلے جاتے ہیں، اس لیے مقابلے سے قبل تمام بیٹ معطل کردی گئیں۔


ایک اور بیٹنگ کمپنی بیٹ فیئر کا کہنا ہے کہ عام طور پر ایک مکسڈ ڈبلز مقابلے میں زیادہ سے زیادہ ایک ہزار ڈالر تک جوا کھیلا جاتا ہے مگر اس مقابلے پر 25 ہزار ڈالر داؤ پر لگائے گئے تھے۔ ادھر ماریرو اور اروبارینا دونوں نے ہی کسی بھی قسم کی فکسنگ کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔

ماریرو نے کہاکہ وہ مقابلے سے قبل گھٹنے کی تکلیف سے دوچار تھے، اروبارینا نے کہا کہ ماریرو کی تکلیف سے ان کے کوچز، معاون اسٹاف اور منتظمین میں سے بھی کچھ لوگ آگاہ اور ان کی شکست یقینی تھی، مگر انھوں نے اس لیے مقابلے میں حصہ لیا کہ ناکام جوڑی کو ملنے والی 2250 پاؤنڈ کی رقم سے محروم نہ ہوجائیں۔

فاتح جوڑی کوبوٹ اور آندریا نے کہاکہ انھوں نے اپنی صلاحیتوں سے مقابلہ جیتا، انھیں اس کے مشکوک ہونے کے بارے میں کوئی علم نہیں۔ دوسری جانب آسٹریلیا کے ایک سابق پلیئر نک لائنڈل نے 2013 میں ایک نچلے درجے کے ٹورنامنٹ میں جان بوجھ کر ہارنے کا الزام قبول کرلیا، انھوں نے شواہد کو مٹانے کے دوسرے الزام کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے، انھیں دس برس کی سزا ہوسکتی ہے۔
Load Next Story