امپائرز اسکینڈل ویڈیو ٹیپس کا ایف آئی اے سے معائنہ کرایا جائیگا

فارنسک لیب میں ٹیسٹ سے حقیقت ہونے کا علم ہو سکے گا

پی سی بی نے غیر ایڈٹ شدہ ویڈیو ٹیپس کا ایف آئی اے سے معائنہ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

امپائرز کرپشن کیس کی تحقیقات میں تیزی آ گئی، پی سی بی نے غیر ایڈٹ شدہ ویڈیو ٹیپس کا ایف آئی اے سے معائنہ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔


فارنسک لیب میں ٹیسٹ سے پتا لگایا جائے گاکہ اس میں کوئی جعل سازی تو نہیں کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق چند ہفتے قبل ایک بھارتی ٹیلی ویژن چینل نے امپائرز کے مبینہ طور پر کرپشن میں ملوث ہونے کا پردہ فاش کرنے کا دعویٰ کیا تھا، اسٹنگ آپریشن کی ویڈیوز میں پاکستان کے ندیم غوری اور انیس صدیقی بھی دکھائی دیے،آئی سی سی نے امپائرز کو فوری طور پر معطل کرتے ہوئے متعلقہ بورڈز کو انکوائری کرانے کی ہدایت دی، پی سی بی نے غیرایڈٹ شدہ ویڈیو ٹیپس سمیت کیس سے متعلقہ تمام شواہد طلب کیے جو عید سے قبل ارسال کر دیے گئے،تحقیقات کیلیے قائم شدہ کمیٹی کی گذشتہ دنوں ایک اور میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ویڈیوز کا جائزہ لیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ کئی گھنٹے جاری رہنے والے اجلاس میں ارکان نے پاکستانی امپائرز کے ایک ایک لفظ کو بغور سنا اور قلمبند بھی کیا، ایک بار دیکھنے کے بعد ایسا لگا جیسے ویڈیوز میں کوئی گڑبڑ کی گئی اور اسے مختلف حصوں کو جوڑ کر بنایا گیا ہے، اسی لیے فیصلہ کیا گیا کہ اسے ایف آئی اے کو بھیجا جائے گا جس کی فارنسک لیب میں ماہرین جائزہ لے کر حقیقت جانیں گے، رواں ہفتے کمیٹی کی ایک اور میٹنگ ہونی ہے جس میں دوبارہ تمام تفصیلات کا جائزہ لیا جائے گا، کسی نتیجے پر پہنچنے کے بعد کمیٹی اپنی سفارشات بورڈ کے اعلیٰ حکام کو پیش کرے گی جو دونوں امپائرز کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے، ذرائع کے مطابق ندیم غوری اور انیس صدیقی کے ساتھ کمیٹی ایک ملاقات کر کے موقف جان چکی، انھیں دوبارہ خط ارسال کر کے کہا گیاکہ پھر سے بلایا جا سکتا ہے۔ ایف آئی اے کی رپورٹ ملنے کے بعد ہی کیس پر مزید روشنی پڑ سکے گی۔
Load Next Story