لیاری گینگ وار کے کارندے راشد بلوچ کی حوالگی کیلئے سائیں سرکار کا خیبرپختونخوا حکومت کو مراسلہ

راشد بلوچ عرف چیچی رینجرز اور پولیس پر حملوں، ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث ہے، سی ٹی ڈی کراچی

راشد بلوچ کو 2 روز قبل پشاور کے رام داس چوک سے حراست میں لیا گیا تھا فوٹو: فائل

سندھ حکومت نے دو روز قبل پشاور سے گرفتار ہونے والے لیاری گینگ وار کے اہم کارندے راشد بلوچ عرف چیچی کی حوالگی کے لئے خیبر پختونخوا حکومت کو خط لکھ دیا ہے۔

 


ایکسپریس نیوز کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کراچی نے محکمہ داخلہ سندھ کے ذریعے خیبر پختونخوا کے متعلقہ حکام کو مراسلہ بھیجا ہے جس میں لیاری گینگ وار کے بابا لاڈلا گروپ کے اہم کارندے راشد بلوچ عرف چیچی کی حوالگی کی درخواست کی گئی ہے۔ سی ٹی ڈی کراچی نے موقف اختیار کیا ہے کہ راشد بلوچ کراچی پولیس کو قتل، اقدام قتل، رینجرز سے مقابلے، بھتا خوری اور اغوا برائے تاوان سمیت دیگر جرائم میں مطلوب ہے، راشد بلوچ کی جلد سے جلد حوالگی عمل میں لائی جائے تاکہ ملزم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جاسکے۔

دوسری جانب سی ٹی ڈی پشاور نے راشد بلوچ کو ابتدائی تحقیقات کے بعد سینٹرل جیل پشاور منتقل کردیا ہے۔

واضح رہے کہ سی ٹی ڈی حکام اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے راشد بلوچ کو پشاور کے رام داس چوک سے اس وقت حراست میں لیا تھا جب وہ افغانستان فرار ہونے کی تیاری کررہا تھا۔
Load Next Story