شریف برادران نیب سے خوفزدہ ہو کر دھمکیاں دے رہے ہیں عمران خان

حکمران اپنی کرسی بچانے کیلیے مصلحتوں کا شکار ہیں، چیرمین تحریک انصاف

حکمران اپنی کرسی بچانے کیلیے مصلحتوں کا شکار ہیں، چیرمین تحریک انصاف - فوٹو:فائل

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ حکمران مصلحتوں کا شکار ہیں جب کہ شریف برادران نیب سے خوفزدہ ہوکر دھمکیاں دے رہے ہیں۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ حکمران قومی دولت سے اپنی تشہیر پر کروڑوں روپے خرچ کرر ہے ہیں جب کہ نوازشریف اور شہباز شریف نیب سے خوفزدہ ہو کر دھمکیاں دے رہے ہیں لہٰذا وہ نیب کو دھمکیاں نہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب کو میٹروبس میں کیے جانے والے گھپلوں کی بھی تحقیقات کرنی چاہیے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ خیبرپختنوںخوا میں احتساب کا نظام شفاف اور خودمختار ہے جب کہ پہلی بار کرپشن میں ملوث افراد کو گرفتار کیا جا رہا ہے، کل ہی لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور سے کرپشن کرنے والوں کر گرفتار کیا گیا اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ سابق سٹی ناظم مصطفیٰ کمال کی پریس کانفرنس سے سچ سامنے آگیا ہے حکمران اپنی کرسی بچانے کے لیے مصلحتوں کا شکار ہیں۔


ایشیا کپ میں ٹیم کی ناقص کارکردگی پر عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت نے کرکٹ میں سفارشی لگا کر ملک میں کرکٹ کا ٹیلنٹ برباد کردیا جب کہ وزیراعظم نے کرکٹ کو کبھی ادارہ بنایا ہی نہیں، پہلے خود پیٹرن ان چیف بنے اور پھر جس شخص نے دھاندلی کے ذریعے ان کی مدد کی اس کو لا کر بٹھا دیا گیا۔ انہوں نے کا کہ ٹیم کی خراب کارکردگی کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ ملک میں ٹیلنٹ موجود نہیں بلکہ سفارشیوں کی وجہ سے ٹیم اس نہج پر پہنچی ہے۔

اس سے قبل پشاورمیں قیوم اسپورٹس کمپلیکس میں آل پاکستان میگا چیلنج 2016 کی افتتاحی تقریب میں پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے نوجوان ہماری سب سے بڑی طاقت ہیں اوراسپورٹس نوجوانوں کو مقابلہ سکھاتا ہے، انسان ہارتا تب ہے جب وہ ہارمانتا ہے، کبھی ہارکو ذہن میں مت رکھیں، ہمیشہ جیت کا یقین لے کر میدان میں اتریں، بہت جلد لوگ پاکستان نوکریاں تلاش کرنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں باکسر محمد علی سے بے حد متاثر ہوں ، ان جیسا انسان نہیں دیکھا انہوں نے ضمیرکی آوازپر اربوں روپے کے مقابلے چھوڑے۔

عمران خان نے کہا کہ ترقی یافتہ ملکوں نےاپنے اندرخوداری پیدا کی، سنگاپورکی آبادی پشاورسے بھی کم ہوگئی ہے لیکن اس کی ایکسپورٹ 512 ارب ڈالر ہے جب کہ آج پاکستان کی برآمدات 20 ارب ڈالرہے، بھیک مانگنے والے کسی کی آنکھ میں آنکھ نہیں ملاسکتے، غلام ہمیشہ غلام ہی رہتا ہے وہ اچھا انسان نہیں بن سکتا ہے، ایسا ممکن نہیں ہے کہ بڑی سوچ رکھنے والوں پر برا وقت نہ آئے۔

Load Next Story