ملک کے مختلف علاقوں میں بارش جاتی سردی ایک بار پھر تھم گئی

بارشوں کا موجودہ سلسلہ آئندہ 3 سے 4 روز تک جاری رہنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

بارشوں کا موجودہ سلسلہ آئندہ 3 سے 4 روز تک جاری رہنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات۔ فوٹو:فائل

ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری سے جاتی سردی ایک بار پھر تھم گئی۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق راولپنڈی، اسلام آباد، جہلم، اٹک، چکوال، لاہور، گجرانوالہ، منڈی بہاؤ الدین، ملتان، بھکر، جہانیاں، مظفر گڑھ، پشاور، سوات، کراچی، حب، چمن، ژوب، قلات، چترال، غدر، ایبٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ، ڈیرہ غازی خان اور کوہ سلیمان کے پہاڑوں سمیت ملک کے متعدد شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش جب کہ پہاڑوں پر برف باری ریکارڈ کی گئی۔ بارش کے باعث کئی شہروں میں موسم خوشگوار ہو گیا جب کہ پنجاب اور بالائی علاقوں میں جاتی سردی تھم گئی اور گرم کپڑے اور لحاف ایک بار پھر باہر نکل آئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کوہاٹ میں 8، چراٹ میں 11 اور ڈی آئی خان میں 18 ملی میٹر بارش ریکارڈ جب کہ تیمرہ گرہ میں 14 ملی میٹر ، دیر 15، میرکنی 4، سیدو شریف 7، مالم جبہ، پارہ چنار اور بنوں، چترال میں 9 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا موجودہ سلسلہ آئندہ 3 سے 4 روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
Load Next Story