نمائش چورنگی پر ٹارگٹ کلنگ کیخلاف ریلی نامعلوم افراد کی ہنگامہ آرائی

پولیس کاریلی کےشرکاپرلاٹھی چارج اورآنسوگیس کااستعمال،نامعلوم افرادکا پولیس پر پتھراؤ ،مشتعل افراد منتشر.

ایم اے جناح روڈ پر نمائش کے قریب مشتعل افراد کے ہاتھوں نذر آتش کی جانے والی بس سے آگ کے شعلے بلند ہو رہے ہیں۔ فوٹو : ایکسپریس

نمائش چورنگی پر ٹارگٹ کلنگ کے خلاف احتجاجی ریلی کے دوران نامعلوم افراد نے ہنگامہ آرائی کے دوران پولیس پر پتھراؤ اور ہوائی فائرنگ کی جبکہ2 بسوں کو آگ لگا دی ۔

پولیس نے ریلی کے شرکا کے خلاف لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال کر کے مشتعل افراد کو منتشر کیا اور 10افراد کو حراست میں لے لیا جنھیں بعد ازاں مذاکرات کے بعد چھوڑ دیا گیا اس دوران ایم اے جناح روڈ اور اطراف کی سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہو گیا،تفصیلات کے مطابق پاسبان عزا کی جانب سے شہر میں کی جانے والی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف نکالی جانے والی احتجاجی ریلی کے دوران نمائش چورنگی پر ریلی کو پولیس کی جانب روکنے کی کوشش کے دوران نامعلوم افراد نے پولیس پر پتھراؤ شروع کر دیا۔


جس کے بعد پولیس نے مشتعل افراد کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال کیا جس پر مظاہرین منتشر ہو کر نمائش چورنگی کے قریب گلیوں میں چلے گئے جہاں سے نامعلوم افراد نے پولیس پر ہوائی فائرنگ کی اور وقفے وقفے سے گلیوں نے نکل کر سڑک پر ٹائر جلاتے رہے اور ایم اے جناح روڈ پر مسافر بس نمبر JA-1876 سمیت2 بسوں کو نذر آتش کر دیا ۔

پولیس نے ہنگامہ آرائی کے الزام میں10افراد کو حراست میں لے لیا جس پر ریلی کے شرکا نے حراست میں لیے جانے والے افراد کی رہائی کے لیے نمائش چورنگی پر دھرنا دیدیا بعد ازاں پولیس کے افسران نے مظاہرین سے بات چیت کی اور مظاہرین کی جانب سے پر امن طور پر منتشر ہونے کی یقین دہانی کے بعد حراست میں لیے جانے والوں کو چھوڑ دیا ، نمائش چورنگی کے قریب ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ کے باعث ایم اے جناح روڈ ، شاہراہ لیاقت ، صدر ، برنس روڈ ، ٹاور،کیماڑی روڈ ، شاہراہ قائدین گرو مندر ، پٹیل پاڑہ سولجر بازار اور اس کے اطراف کی سڑکوں پر بد ترین ٹریفک جام ہو گیا۔
Load Next Story