ٹارگٹ کلنگ کیخلاف مجلس وحدت مسلمین کایوم احتجاج

مرکزی ریلی حسینی جامع مسجد سے برآمد اور نیشنل ہائی وے پر اختتام پذیر ہوئی.


Staff Reporter November 10, 2012
جماعت اسلامی کے کارکن برما کے مسلمانوں کے قتل کے خلاف مظاہرہ کررہے ہیں۔ فوٹو : ایکسپریس

مجلس وحدت مسلمین کراچی کے رہنما علامہ آفتاب حیدر جعفری کے مظلومانہ قتل اور بے گناہ افراد کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پربعد نماز جمعہ ملک گیر یوم ِ احتجاج منایاکیا گیا۔

اس سلسلے میں اسلام آباد ، لاہور، کوئٹہ اور کراچی سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے منعقد ہوئے اور ریلیاںنکالی گئیں، کراچی میں مرکزی احتجاجی ریلی حسینی جامع مسجد برف خانہ ملیر سے نکالی گئی جو کہ نیشنل ہائی وے پر اختتام پذیر ہوئی، احتجاجی مظاہرے سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ سید حسن ظفر نقوی ، مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل علامہ صادق ر ضاتقوی اور مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی رہنما مولانا اصغر علی جوادی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کسی بھی شکل میں ہو ہم نے اس کی ہمیشہ مخالفت کی ہے ۔

کراچی سمیت پورے پاکستان میں منظم انداز میں دہشتگردی عروج پر پہنچ رہی ہے اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی دہشتگردوں پر گرفت کمزور ہورہی ہے، اگر وفاقی اور صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایام ِ عزا سے قبل دہشتگردوں کیخلاف کوئی موثر قدم نہیں اٹھایا تو جوانوںکو سنبھالنا علماکے بس سے باہر ہو گا اور حالات کی تمام تر ذمے د اری حکومت وقت پر ہوگی، علامہ آفتاب حیدر جعفری کی بہیمانہ شہادت ماہِ محرم الحرام سے قبل کراچی میں شیعہ سنی اتحاد کی مثالی فضا کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے، علامہ آفتاب حیدر جعفری تادم ِ شہادت مظلوموں کے حق کیلیے ا ٓواز بلند کرتے رہے۔

اس کے علاوہ کراچی کے دیگر مقامات خوجہ جامع مسجد کھارادر ،ابوالحسن اصفہانی روڈ ،عزا خانہ صغریٰ کورنگی ، جامع مسجد ابو الفضل العباس لانڈھی ، جامع مسجد حسینی ماروی گوٹھ ، مرکزی جامع مسجد اسٹیل ٹائون میں احتجاجی مظاہرے منعقد ہوئے، دریں اثنا مجلس وحدت مسلمین کے رہنما مولانا صادق رضا تقوی نے کہا ہے کہ پاسبان عزا کے زیراہتمام شیعہ ٹارگٹ کلنگ کیخلاف پرانی نمائش سے نکالی جانیوالی پرامن ریلی پر پولیس تشدد قابل مذمت ہے۔