انسانوں اور مچھلیوں کا تعلق

ذیشان الحسن عثمانی  جمعـء 25 مارچ 2016
ایک مارکیٹ پھر سجے گی، پھر بولی لگے گی، کچھ کو جنت کے فرشتے لے جائیں گے تو کچھ کو جہنم کے۔ فوٹو: رائٹرز

ایک مارکیٹ پھر سجے گی، پھر بولی لگے گی، کچھ کو جنت کے فرشتے لے جائیں گے تو کچھ کو جہنم کے۔ فوٹو: رائٹرز

ہمارے معاشرے میں مچھلی مارکیٹ اپنے شور و غل اور بدبو کی وجہ سے ہمیشہ سے مشہور رہی ہے۔ جب بھی کلاس میں شور زیادہ ہوتا تو استاد یہی کہتے تھے کہ یہ کیا مچھلی مارکیٹ لگائی ہوئی ہے۔ مچھلی مارکیٹ کی اس تکرار اور استعارے نے عبداللہ کو مجبور کردیا کہ وہ جا کر دیکھ کر آئے کہ مچھلی منڈی ہوتی کیسی ہے؟ وہ اگلے ہی روز صبح صبح شہر کی سب سے بڑی ’مچھلی مارکیٹ‘ کے بیچ و بیچ کھڑا تھا۔ انواع و اقسام کی مچھلیاں، برف کی سلوں کے بیچ، بڑے اچھے طریقے سے سجائی گئی تھیں۔ زیادہ تر مردہ تھیں تو معدودے چند پھڑک پھڑک کر اپنی جان ہار رہی تھیں اور اطراف و اکناف میں پھیلے ہوئے گاہکوں کی توجہ کا باعث بنی ہوئی تھیں۔

عبداللہ سوچنے لگا کہ کیا عجیب بات ہے، یہی مچھلیاں جب زندہ ہوتی ہیں تو ایک دوسرے کو کھا جاتی ہیں۔ اب مردہ ہیں تو سارے غم و شکوے بھلا کر کھلی آنکھوں کے ساتھ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ پڑی ہیں۔ جب زندہ ہوتی ہیں تو دریا و سمندر کے پانی کو اپنا اصل گھر سمجھتی ہیں، پودوں اور زیرِآب غاروں اور پتھروں کو اپنی دنیا، مگر انہیں اِن کی معلوم دنیا سے باہر نکال کر بنا سنوار کر کسی اور دنیا میں بیچا جا رہا ہے۔

انسان اور مچھلیوں میں زیادہ فرق نہیں ہے۔ یہ بھی زندہ ہوں تو دوسروں کو مارنے پر تلے رہتے ہیں اور مرجائیں تو سارے گورے، کالے، لمبے، چھوٹے، دبلے، موٹے، شیخ و سید، آرائیں و پٹھان، سندھی و مہاجر، پشتون و سرائیکی ایک دوسرے کے برابر قبر میں لیٹے ہوتے ہیں۔ پھر مارکیٹ سجے گی، پھر بولی لگے گی، کچھ کو جنت کے فرشتے لے جائیں گے تو کچھ کو جہنم کے، اور کبھی کبھار تو یہ انسان جیتے جی مرجاتے ہیں۔ اپنے سینوں پر ڈگریوں اور تعلیم کے میڈلز سجائے بازار میں بکنے آجاتے ہیں اور جو زیادہ بولی دے اس کے ہوجاتے ہیں۔ یہ سوچے بنا کہ اصل مارکیٹ تو کچھ اور ہے۔ عبداللہ کو اپنے من کا شور، مچھلی مارکیٹ سے زیادہ محسوس ہوا اور وہ خاموش مچھلی مارکیٹ سے اپنے کانوں میں انگلیاں دبائے بھاگتا ہوا گھر آگیا۔

آج بھی اُسے جب کوئی مچھلی مارکیٹ نظر آتی ہے ایک جھرجھری سی جسم میں سرایت کرجاتی ہے۔

نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500  الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹویٹر آئی ڈیز اوراپنے مختصر مگر جامع  تعارف کے ساتھ [email protected]  پر ای میل کریں۔ بلاگ کے ساتھ تصاویر اورویڈیو لنکس۔
ڈاکٹر ذیشان الحسن عثمانی

ذیشان الحسن عثمانی

ڈاکٹر ذیشان الحسن عثمانی فل برائٹ فیلو اور آئزن ہاور فیلو ہیں۔ ان کی تصانیف http://gufhtugu.com/authors/zeeshan-ul-hassan-usmani/ سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔ وہ کمپیوٹر سائنس، مصنوعی ذہانت، ڈیٹا سائنس اور معاشرتی موضوعات پر باقاعدگی سے لکھتے ہیں۔ آج کل برکلے کیلی فورنیا، امریکہ میں ایک فرم میں چیف ٹیکنالوجی آفیسر ہیں۔ آپ ان سے [email protected] پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔