مشرف کے معاملے کو وزیراعظم ذاتی نہیں قومی معاملے کی نظر سے دیکھتے ہیں رانا ثنااللہ

پرویز مشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت عدالتی فیصلے پر دی گئی ، رانا ثنااللہ

وزیر اعظم نواز شریف نے پرویز مشرف کو معاف کردیا ہے ، رانا ثنااللہ :فوٹو : فائل

وزیر قانون پنجاب رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے پرویز مشرف کو معاف کردیا ہے اور اب وہ ذاتی رنجش ختم کرکے ان کے معاملے کو قومی معاملے کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔

فیصل آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ ہماری یاداشت کمزور ہے اور ہم جلد بھول جاتے ہیں کہ پرویز مشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت عدالتی فیصلے پر دی گئی، ڈاکٹروں نے عدالت میں رپورٹ جمع کرائی تھی کہ اگر مشرف کو بیرون ملک علاج کے لیے نہ بھیجا گیا تو وہ مفلوج ہوجائیں گے جس کے بعد سندھ ہائی کورٹ نے فیصلہ دیا تھا کہ پرویز مشرف کو 15 دن بعد بیرون ملک بھیجا جاسکتا ہے لیکن ہم نے اس فیصلے کے خلاف 16 ویں دن سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔


رانا ثنااللہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی مشرف کے بیرون ملک جانے پر واویلا مچا رہی ہے اورچئیرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری بھی بیانات دے رہے ہیں جب کہ وہ سیاست میں بچے ہیں گرتے گرتے سیاسی لیڈر بن ہی جائیں گے لہٰذا ابھی انہیں بڑا ہونے دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے پرویز مشرف کو معاف کردیا ہے اور اب وہ ذاتی رنجش ختم کرکے ان کے معاملے کو قومی معاملے کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔

عمران خان کے حوالے سے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ بھارت میں پاکستان قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ دھاندلی ہوئی ہے اب عمران خان بھارت میں دھرنا دیں اور وہیں رہیں۔
Load Next Story