سیدوشریف فلائٹس کیلیے ٹیکس چھوٹ دی جائے پی آئی اے

وزارت دفاع کاترجیحاًجائزے کیلیے چیئرمین بورڈ کو خط

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن تمام تر رکاوٹوں اور بندشوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اسلام آباد سے سیدوشریف فلائٹ سروس شروع کررہی ہے. فوٹو: فائل

پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے ) نے حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے تمام تر رکاوٹوں اور بندشوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اسلام آباد سے سیدو شریف شروع کی جانے والی پی آئی اے کی فلائٹس کو تمام ٹیکسوں سے چھوٹ دینے کا مطالبہ کردیا ہے۔

اس ضمن میں ''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق پی آئی اے کی طرف سے ٹیکسوں سے چھوٹ کیلیے دی جانے والی درخواست پر وزارت دفاع کی طرف سے چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو باقاعدہ طور پر لیٹر لکھا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے کے لیٹر نمبر MDS/MOD-04(MKT)/2012 میں ٹیکسوں میں چھوٹ کے حوالے سے کی جانیوالی اپیل کا ترجیحی بنیادوں پر جائزہ لے کر جتنی جلدی ممکن ہوسکے وزارت دفاع کو آگاہ کیا جائے تاکہ اس بارے میں مزید کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔ لیٹر میں ٹیکسوں میں چھوٹ کیلیے ازخود وضاحت کی گئی ہے۔


لیٹر کے مطابق پی آئی اے نے کہاکہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن بطور قومی ایئرلائن اندرون ملک اور بیرون ملک فضائی سفر کیلیے معقول کرایوں پر ایئرلنکس فراہم کرنے کیلیے کوشاں ہے اور حکومت کی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن تمام تر رکاوٹوں اور بندشوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اسلام آباد سے سیدوشریف فلائٹ سروس شروع کررہی ہے جس کیلیے 10اکتوبر 2012 کو افتتاحی فلائٹ بھی چلائی جاچکی ہے جس میں سینئر افسران کو اسلام آباد سے سیدو شریف تک لے جایا گیا تھا۔ لیٹر کے مطابق سیدو شریف اور اسے ملحقہ علاقوںکے لوگوں کو فضائی سفر کی سہولتوں کی فراہمی کیلیے شروع کی گئی فلائٹ سروس کو بڑھا کر ہفتہ میں دو فلائٹس تک لے جایاجائیگا اور یہ فلائٹس اے ٹی آر ایئرکرافٹ کی ہونگی۔

لیٹر میں کہا گیا ہے کہ اس وقت پاکستان میں ڈومیسٹک فلائٹ کیلیے ایئرٹکٹ پر 16 فیصد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اور 60 روپے فی ایئرٹکٹ اور ایف بی آر کی طرف سے ایئرپورٹ ٹیکس اور5فیصد ایڈوانس پرچیز ٹیکس کے علاوہ 300روپے ایمبارکیشن فیس وصول کی جارہی ہے، ٹیکسوں کی وجہ سے ڈومیسٹک فلائٹس کے کرائے متاثر ہورہے ہیں اور اسلام آباد سے سیدو شریف فلائٹس کے روٹس کے سماجی اقتصادی ہونے کے باعث درخواست ہے کہ اس روٹ کیلیے ایئرفلائٹس کو تمام ٹیکسوں، لینڈنگ اور پارکنگ چارجز سمیت دیگر فیسوں سے چھوٹ دی جائے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے حکام کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی درخواست کا جائزہ لیا جارہا ہے،اس بارے میں جلد رپورٹ تیار کرکے وزارت دفاع کو بھجوادی جائیگی۔
Load Next Story