پاکستان نے را کے گرفتار ایجنٹ سے متعلق شواہد ایران کے حوالے کردیئے

ایران کلبھوشن سنگھ یادیو سے متعلق تفتیش سے جلد آگاہ کرے، پاکستان کا مطالبہ

کلبھوشن یادیو بھارتی بحریہ کا حاضر سروس افسر ہے۔ فوٹو: فائل

پاکستان نے چندروز قبل بلوچستان سے گرفتار را کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو سے متعلق دستاویزی شواہد ایران حکام کے حوالے کردیے ہیں۔



ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان نے گزشتہ روز ایران کے صدر حسن روحانی کے سامنے بھارتی ایجنسی را کی بلوچستان میں مداخلت اور ایران سے آنے والے ایجنٹ کلبھوشن سنگھ یادیوسے متعلق معاملہ اٹھایا تھا جس کے بعد حکام نے اب ایران کو اس سلسلے میں تمام شواہد بھی فراہم کردیے ہیں۔




ایرانی حکام کو فراہم کیے گئے شواہد میں کلبھوشن سنگھ یادیو کی تصویر ، اس کے پاسپورٹ اور ایران کے ویزے کی نقل اور دیگر دستاویزات بھی شامل ہیں ، شواہد کےساتھ ہی پاکستانی حکام نے ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان تحقیقات کو آگے بڑھانا چاہتا ہے اس لیے ایران کلبھوشن سنگھ یادیو سے متعلق تفتیش سے جلد آگاہ کرے۔ ایرانی حکام نے بھی تحقیقات کے لیے یقین دہا نی کر ادی ہے۔

واضح رہے کہ کلبھوشن سنگھ یادیو بھارتی بحریہ کا حاضر سروس افسر ہے، اس نے حسین مبارک پٹیل کے نام سے پاسپورٹ بنارکھا تھا جس پر ایران کا ویزا لگا ہوا تھا اور وہ ایران کی بندرگاہ چابہار پر تعینات تھا لیکن اسے سیکیسورٹی فورسز نے بلوچستان سے گرفتار کیا ہے۔

Load Next Story