’چن ون‘ اور’ایکسپریس میڈیا گروپ‘ کے اشتراک سے کینسرکیئرہسپتال اینڈ ریسرچ سنٹرکیلئے فنڈریزنگ کنسرٹ

چیئرٹی شومیں راحت فتح کی عمدہ پرفارمنس، میاں کاشف سمیت دیگرشرکاء نے دل کھول کرعطیات دیئے

چیئرٹی شومیں راحت فتح کی عمدہ پرفارمنس، میاں کاشف سمیت دیگرشرکاء نے دل کھول کرعطیات دیئے ۔ فوٹو : طارق حسن

'' ایکسپریس میڈیا گروپ '' کی شناخت حقائق پرمبنی خبریں، مارننگ اورطنزومزاح سے بھرپورتفریحی پروگرام ، معیاری ڈرامے ، ٹیلی فلمیں توہیں ہی لیکن اس کے علاوہ زندگی کے تمام شعبوں میں ملک اورقوم کا نام روشن کرنے والے قومی ہیروز کوخراج تحسین پیش کرنے میں بھی یہ ادارہ کبھی پیچھے نہیں رہا۔ دہشتگردی، مہنگائی، بے روزگاری، صحت، تعلیم اورلوڈ شیڈنگ سمیت تمام مسائل کے حل کیلئے جس طرح سے ایکسپریس عوام کی آوازبنتا ہے، ایساکوئی دوسرا ادارہ نہیں کرپاتا۔ کھیل کا میدان ہویا فنون لطیفہ، سیاسی دنگل ہویا فلاحی کام، ''ہرخبرپرنظر'' رکھنے کے ساتھ ساتھ ایسے پراجیکٹس میں ''ایکسپریس میڈیا گروپ'' بڑھ چڑھ کرحصہ لیتا ہے ، جس سے عام لوگوں کوفائدہ پہنچے اوران کے مسائل میں کمی آنے کے ساتھ ان کی بہترین رہنمائی بھی ہوسکے۔

اسی سلسلہ میں'' ایکسپریس میڈیا گروپ '' کی میڈیا پارٹنرشپ کے ساتھ کینسرجیسے مہلک مرض میں مبتلا مریضوں کے مفت علاج کے لئے بنائے جانے والے ''کینسر کیئرہسپتال اینڈ ریسرچ سنٹر'' کا فنڈ ریزنگ شومعروف برانڈ 'چن ون' کے تعاون سے لاہورکے مقامی کلب میں منعقد ہوا۔ اس فلاحی پراجیکٹ کیلئے '' چن ون '' نے بھرپوراندازسے سپورٹ کا فیصلہ کیا ہے اوردوسری جانب ''ایکسپریس میڈیا گروپ''بھی اس اہم فلاحی کام کوانجام دینے کیلئے پیش پیش ہے۔



اس پراجیکٹ کی فنڈریزنگ کیلئے ہونے والے گرینڈ شومیں 'چن ون' کے چیف ایگزیکٹومیاں محمد کاشف اشفاق ، سابق گورنرپنجاب اورتحریک انصاف کے رہنما چوہدری سرور، ڈرامہ پروڈیوسرمحمدنفیس، کینسرکیئرہسپتال پراجیکٹ کے چیئرمین ڈاکٹرشہریار، ڈائریکٹرایڈووکیسی ڈاکٹرنازش فیصل ، میکسز ایڈورٹائزنگ ایجنسی لاہورکے ایم ڈی سرورخان اورڈی آئی جی آپریشنزڈاکٹرحیدراشرف کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے مخیر حضرات کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔

چیئرٹی شوکی میزبانی کے فرائض عائشہ ثناء اوروجیع اختر نے انجام دیئے جبکہ فنڈریزنگ شومیں حاضرین کومحظوظ کرنے کیلئے پاکستان کے بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکاراستادراحت فتح علی خاں کی خصوصی پرفارمنس کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔ پروگرام میں جہاں لوگ دل کھول کرعطیات دے رہے تھے، وہیں راحت فتح علی خاں کی پرفارمنس پرشرکاء جھوم بھی رہے تھے۔



اس موقع پرمیوزک پروگرام سے قبل حاضرین کوہسپتال کے پراجیکٹ کے حوالے سے مکمل بریفنگ دیتے ہوئے کینسرکیئرہسپتال اینڈ ریسرچ سنٹر کے چیئرمین ڈاکٹرشہریار کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کینسرکے مرض میں مبتلا لوگوں کی تعداد بہت زیادہ ہے لیکن علاج ومعالجہ کی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ لوگوں کے پیسے سے بنائے گئے ایک کینسرہسپتال میں علاج توہو رہا ہے لیکن وہاں پرکینسرکی آخری سٹیج کے مریضوں کوداخل ہی نہیں کیا جاتا ۔ مگرہم نے اس سے الگ سوچ رکھا ہے۔ ہم کینسرکے تمام مریضوں کا علاج کرینگے۔

اس پراجیکٹ کیلئے ہمیں 800کروڑ روپے کی بڑی رقم درکار ہے ۔ ہم نے لوگوں کے فنڈز سے ہسپتال کا ایک فیز مکمل کرلیا، جس پرتقریباً 75کروڑ روپے خرچ ہوچکے ہیں۔ لیکن اب ہم نے اپنے اس پراجیکٹ کیلئے باقاعدہ فنڈریزنگ مہم کا آغاز کردیا ہے۔ اس سلسلہ میں پہلا فنڈ ریزنگ پروگرام لاہورمیں منعقد کیا گیا ہے جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے دل کھول کرحصہ ڈالا ہے اورفنڈزدے رہے ہیں۔




خاص طورپرچھوٹے بچوں نے اپنی پاکٹ منی بھی عطیہ میں دیدی ہے۔ اس پراجیکٹ میں معروف برانڈ ' چن ون' اور ' ایکسپریس میڈیا گروپ' کا تعاون ہمارے ساتھ ہے اورہم فنڈ ریزنگ کیلئے ملک کے کونے کونے تک جائینگے۔ دوسری جانب ایکسپریس گروپ کی ٹیم نے بھی اس سلسلہ میں بھرپورسپورٹ کی ہے، جس سے ہمیں اپنا پراجیکٹ بہت جلد مکمل ہوتا دکھائی دیتا ہے۔



'چن ون ' کے چیف ایگزیکٹومیاں محمد کاشف اشفاق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے ادارے کے بینرتلے بہت سے فلاحی کام کرتا رہتا ہوں۔ مجھے جب ڈاکٹرشہریارنے کینسرجیسے مہلک مرض اوراس کے مریضوں کے بارے میں بتایا تومیں نے فیصلہ کیا کہ میں اس کارخیرمیں بڑھ چڑھ کرحصہ لونگا۔ میں نے ہسپتال کا ایک وارڈ بنانے کی ذمہ داری اُٹھائی ہے اوراس کے علاوہ فنڈ ریزنگ شومیں بھی 20لاکھ روپے دینے کا اعلان کرتا ہوں۔ یہی نہیں ہر ماہ ہسپتال کی تعمیر کے لیے دولاکھ روپے اور اس کے علاوہ 'چن ون ' کی طرف سے تمام عمر بیڈشیٹس بھی دی جاتی رہیں گی، جوکہ ہماری اپنے برانڈ کی پراڈکٹ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کینسرجیسا مہلک مرض جان لیوا اوراس مرض میں مبتلا لوگوں کی مدد کرنا ہمارا فرض ہے۔ یہ ایک مشکل ٹاسک ضرور ہے لیکن ہم سب مل کراس کومکمل کرنے کیلئے کام کرینگے۔ ہم سب کوبارش کا وہ پہلا قطرہ بننا ہوگا ، جوآگے جاکر سمندر بنے گا۔ لاہورجیسے تاریخی شہرسے کینسرکیئرہسپتال اینڈ ریسرچ سنٹرکی فنڈ ریزنگ مہم کا آغازہوا ، جس میں مخیرحضرات کی بڑی تعداداپنا حصہ ڈال رہی ہے۔

یہ دیکھ کرواقعی بہت اچھالگا رہا ہے کہ لوگ فلاحی کاموں میں کس طرح سے شمولیت اختیارکرتے ہیں۔ میاں محمد کاشف اشفاق کی اس کاوش کو شرکاء نے ناصرف سراہا بلکہ ان کے بعد خواتین، بچے اور مرد حضرات کی بڑی تعدادنے موقع پر عطیات دیئے اوربہت سے مخیر حضرات نے اعلانات کئے۔ کسی نے وارڈ بنوانے کی یقین دہانی کروائی توکسی نے لاکھوں روپے عطیہ کیا، خواتین نے اپنے ملبوسات کی خریداری کے پیسے ہسپتال کے چندہ میں دے دیئے، بلکہ معصوم بچوں نے اپنی پاکٹ منی ہسپتال کی تعمیر کیلئے دیدی۔



فنڈریزنگ مہم کے اختتام پراستادراحت فتح علی خاں نے شاندارپرفارمنس پیش کی جس پر حاضرین کی بڑی تعداد جھومتی دکھائی دی۔ ایک طرف راحت فتح علی خاں اپنے مقبول گیت اورقوالیاں پیش کررہے تھے اوردوسری جانب شرکاء کی جانب سے فرمائشوں کا نہ روکنے والا سلسلہ جاری تھا۔ رات گئے تک جاری رہنے والی اس عمدہ پرفارمنس کے اختتام پرراحت فتح علی خاں نے ''ایکسپریس'' کوبتایا کہ استاد نصرت فتح علی خاں نے کینسرہسپتال کی فنڈریزنگ کیلئے بہت کام کیا۔ دنیا کے بیشترممالک میں ہم نے پرفارم کیا اورپھر کہیں جاکرہمارے ملک میں ایک جدید کینسرہسپتال کا قیام عمل میں آیا۔

اب یہ ایک نیا پراجیکٹ شروع ہوا ، جس کیلئے ڈاکٹرشہریار اوران کی ٹیم دن رات محنت کررہی ہے۔ میں ان کے اس نیک کام میں ان کے ساتھ ہوں۔ جہاں تک بات 'ایکسپریس میڈیا گروپ ' کی ہے تو 'ہرخبرپرنظر' رکھنے والے اس ادارے نے ہمیشہ ہی قومی مسائل کواجاگرکیا ہے۔ اس نیک کام میں بھی ان کی شمولیت قابل ستائش ہے۔ انہوں نے آخرمیں پوری قوم سے اپیل کی کہ وہ اس کارخیر میں حصہ لیں تاکہ کینسرجیسے مہلک مرض میں مبتلالوگوںکا مفت علاج ہوسکے اوروہ صحت یاب ہوکرخوش وخرم زندگی بسر کریں۔
Load Next Story