خسارے سے دوچارقومی ایئرلائن کے کپتانوں کی تنخواہوں میں لاکھوں روپے کا اضافہ

بوئنگ 777 کے کپتان کی تنخواہ میں ایک لاکھ 50 ہزار روپے کا اضافہ کردیا گیا۔

بوئنگ 777 کے کپتان کی تنخواہ میں ایک لاکھ 50 ہزار روپے کا اضافہ کردیا گیا۔ فوٹو؛ فائل

KARACHI:
اربوں روپے کے خسارے سے دو چار قومی ایئرلائن پی آئی اے کے کپتانوں کی تنخواہوں میں عبوری اضافہ کردیا گیا ہے جب کہ ریٹائرڈ ملازمین کی پینشن میں 5 سالوں سے کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق اربوں روپے کے خسارے سے دوچار قومی ائرلائن ( پی آئی اے ) کے کپتانوں کی تنخواہوں میں عبوری اضافہ کردیا گیا ہے۔ ترجمان پی آئی اے دانیال گیلانی کا کہنا ہے کہ تنخواہوں میں اضافے کی منظوری بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں دی گئی ہے جس کے مطابق بوئنگ 777 کے کپتان کی تنخواہ میں ایک لاکھ 50 ہزار روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے جب کہ بوئنگ 777 کے فرسٹ آفیسر کی تنخواہ میں ایک لاکھ روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق بورڈ کی منظوری کے بعد ائیربس 310 کے کپتان کی تنخواہ میں ایک لاکھ 30 ہزار، ایئربس 310 کے فرسٹ آفیسر کی تنخواہ میں 66 ہزا، اے ٹی آر طیارے کے کپتان کی تنخواہ میں ایک لاکھ 7 ہزار اسی طیارے کے فرسٹ آفیسر کی تنخواہ میں 51 ہزار، ایئربس 320 کے کپتان کی تنخواہ میں ایک لاکھ 30 ہزار جب کہ اسی ایئربس کے فرسٹ آفیسر کی تنخواہ میں 66 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں 5 سالوں سے کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہے جب کہ قواعد کے مطابق پی آئی اے ملازمین کی تنخواہوں میں جتنا اضافہ ہوگا ان کی پینشن میں اتنے فیصد ہی اضافہ کیا جائے گا۔
Load Next Story