کراچی معروف کالم نگار اور صحافی اردشیر کاؤس جی انتقال کرگئے
کاؤس جی کئی سماجی اور فلاحی تنظیموں کے ٹرسٹی بھی تھے۔ فوٹو : فائل
ملک کے معروف صحافی اور کالم نگار ارد شیر کاؤس جی 86برس کی عمر میں انتقال کرگئے ۔
ارد شیر کاؤس جی طویل عرصے سے علیل تھے وہ مقامی اسپتال میں بھی زیر علاج رہے۔ ارد شیر کاؤس 13 اپریل 1926 میں کراچی میں پیدا ہوئے۔ ان کا خاندان قیام پاکستان سے قبل ہی سے کاروباری شہرت کا حامل تھا۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم بی وی ایس اسکول سے حاصل کی، کراچی ہی کی اہم درسگاہ ڈی جے سائنس کالج سے تدریسی عمل مکمل کیا۔
مقامی صحافت میں اردشیر کاؤس جی کو خاص مقام حاصل تھا۔ اپنے کالم اور اداریوں میں انہوں نے ہمیشہ لگی لپٹی باتوں کے بجائے صاف اور سیدھی بات کی جس کے باعث کئی حلقوں کی جانب سے انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا جاتا رہا ۔
اردشیر کاؤس جی نے جہاں صحافت میں اہم مقام بنایا وہیں وہ کراچی کی مختلف سماجی اور فلاحی سرگرمیوں میں بھی پیش پیش رہے اپنی وفات تک وہ کئی اداروں کے ٹرسٹی کی خدمات بھی سرانجام دیتے رہے۔