سعودی عرب میں ماں کو قبر میں اتارتے ہوئے بیٹا بھی فوت ہوگیا

68 سالہ شخص ماں کو قبر میں اتارکر زاروقطار روتے ہوئے قبر میں گرپڑا۔

68 سالہ شخص ماں کو قبر میں اتارکر زاروقطار روتے ہوئے قبر میں گرپڑا۔ فوٹو؛ فائل

MULTAN:
دنیا میں سب سے خوبصورت ہستی ماں ہے جو اپنی اولاد سے اتنی محبت کرتی ہے کہ اس کی ذرا سی تکلیف بھی برداشت نہیں کرسکتی اور اس ہستی سے ہر اولاد بے انتہا محبت کرتی ہے جس کا ایک منظر سعودی عرب میں دیکھنے میں آیا جہاں ایک شخص اپنی ماں کی موت کے غم کو برداشت نہ کرسکا اور اسے لحد میں اتارتے وقت خود بھی زندگی ہار بیٹھا۔


عرب خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کے مغرب میں واقع طائف شہر کے مقامی قبرستان میں جب ایک شخص اپنی والدہ کے جسد خاکی کو لحد میں اتارچکا تو زاروقطار رونے لگا اور قبر میں گر پڑا، یہ سب کچھ اتنا اچانک ہوا کہ لوگوں کی سمجھ نہیں آیا کہ آیا وہ اپنی ماں سے لپٹنے جارہا ہے یا خود فوت ہوگیا ہے۔

مذکورہ شخص کو قبر میں گرنے کے بعد ہوش نہ آنے پر فوری اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ 68 سالہ شخص کے بھائیوں کے مطابق مرحوم ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر کا شکار تھا اور وہ والدہ کی وفات پر اس قدر رنجیدہ تھا کہ گویا ماں کے ساتھ ہی دنیا چھوڑنا چاہتا تھا۔
Load Next Story