جامعہ کراچی ریٹائرملازمین واساتذہ کے واجبات2روز میں اداکردیے

ماضی میں یہ مرحلہ کم ازکم 6 ماہ کے عرصے میں طے پاتا تھا،قاضی ظفر عباس

ماضی میں یہ مرحلہ کم ازکم 6 ماہ کے عرصے میں طے پاتا تھا،قاضی ظفر عباس فوٹو: فائل

جامعہ کراچی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرمحمدقیصرنے کہاہے کہ یہ امر بلاشبہ نہایت اہمیت کا حامل ہے کہ ایک طویل عرصے تک جدوجہد کرنے کے بعد اپنی مدت ملازمت پوری ہونے پر اساتذہ، افسران،ملازمین کا یہ حق بنتا ہے کہ ان کے واجبات فوری طور پر اداکردیے جائیں اسی لیے جامعہ کراچی نے اپنے ملازمین کے تمام واجبات مدت ملازمت پوری ہونے کے دوروز کے اندر اندر اداکرنے کا فیصلہ کیا۔


ان خیالات کا اظہار شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر نے چند روزقبل ریٹائر ہونے والے استاد اور ملازمین میں ان کے واجبات کے چیکس تقسیم کرتے ہوئے کیا، واضح رہے کہ جامعہ کراچی کی تاریخ میں پہلی بار مدتِ ملازمت پوری ہونے کے دوروز کے اندر واجبات اداکیے جارہے ہیں۔

ڈائریکٹر فنانس قاضی ظفر عباس نے بتایا کہ ماضی میں یہ مرحلہ کم ازکم چھ ماہ کے عرصے میں طے پاتا تھا نہ صرف یہ بلکہ اس کے لیے متعلقہ ملازم کو بے انتہا مشقت بھی کرنی پڑتی تھی، شیخ الجامعہ کی ہدایت پر ایک ایسا طریقہ وضع کیا گیا جس کے تحت ضابطے کی کاروائی ریٹائرمنٹ کی تاریخ سے چھ ماہ قبل ہی شروع کردی جاتی ہے اور ریٹائرمنٹ کے دودن بعد ہی ملازمین واساتذہ کو باعزت طریقے سے ان کے تمام واجبات بشمول لیو انکیشمنٹ، پروویڈنٹ فنڈ ،کموٹیشن وغیرہ اداکردیے جاتے ہیں، اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر منصور احمد کا کہنا تھا کہ مذکورہ طریقے کو جاری رکھنے کے لیے شعبہ جاتی صدور کا تعاون نہایت ضروری ہے لہذا تمام روسائے کلیہ جات اپنے شعبوں کے صدور کو تلقین کریں کہ ریٹائر ہونے والے افراد کے کوائف چھ ماہ قبل ہی رجسٹرار آفس میں بھیج دیے جائیں۔
Load Next Story