الیکشن کمیشن کی رکنیت کے لیے طارق کھوسہ کس کا انتخاب پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی آمنے سامنے

میرا نام تجویزکرنے سے قبل مجھ سے کسی نے اس حوالے سے رائے ہی نہیں مانگی، طارق سعید کھوسہ

طارق کھوسہ ایک سابق اعلیٰ سرکاری افسرہیں جو اپنی مدت ملازمت میں کئی اہم عہدوں پر فائز رہے ہیں۔ فوٹو:فائل

الیکشن کمیشن میں پنجاب کے رکن کے لیے پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کا اصرار ہے کہ انہوں نے طارق کھوسہ کا نام تجویز کیا تھا جب کہ خود طارق کھوسہ کہتے ہیں کہ آئین کے مطابق وہ اس عہدے کے اہل ہی نہیں ہیں۔

گزشتہ روزعمران خان نے اپنی ٹوئٹ میں کہا تھا کہ پنجاب سے الیکشن کمیشن کے رکن کے لئے تحریک انصاف کے مجوزہ نام طارق کھوسہ پرعدم اتفاق پر شدید تنقید تھی تاہم قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ طارق کھوسہ کا نام تحریک انصاف نے نہیں پیپلز پارٹی نے تجویز کیا تھا، تحریک انصاف نے طارق کھوسہ کے نام کو اپوزیشن اجلاس میں صرف حمایت کی تھی تاہم ان کا نام ہم نے ان کے زائد العمر ہونے پر واپس لے لیا ۔اس کے بعد ہم نے جسٹس ریٹائرڈ الطاف ابراہیم کا نام تجویز کیا۔ شاہ محمود قریشی نے پنجاب سے جسٹس (ر)الطاف ابراہم قریشی پر نا تو اعتراض کیا اور نہ ہی کوئی اس پر بحث کی ۔ انہوں نے صرف یہ کہا کہ وہ الطاف ابراہیم کو نہیں جانتے۔

دوسری جانب طارق سعید کھوسہ کا کہنا ہے کہ ان کا نام تجویز کرنے سے قبل ان سے کسی نے اس حوالے سے رائے ہی نہیں مانگی۔ایکسپریس نیوزسے خصوصی گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ان سے الیکشن کمیشن کا رکن بننے کے لئے کوئی رضامندی نہیں لی گئی اورنا ہی تحریک انصاف کے کسی ذمہ دار کی ان سے اس حوالے سے بات ہوئی، آئین کی رو سے ان کی عمر اس عہدے کے اہل افراد سے زیادہ ہو چکی ہے اس لئے وہ الیکشن کمیشن کی رکنیت اہلیت ہی نہیں رکھتے۔


اس ساری صورت حال پر تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ پارٹی نے شاہ محمود قریشی کو طارق سعید کھوسہ سے رابطے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی تاہم انہیں تعجب ہے کہ طارق سعید کوسہ سے اس حوالے سے مشاورت ہی نہیں کی گئی، شاہ محمود قریشی اس وقت بیرون ملک ہیں اس لئے ان کی وطن واپسی پر ہی اس حوالے سے بات کی جائے گی۔

واضح رہے کہ طارق کھوسہ جو کہ ایک سابق اعلیٰ سرکاری افسرہیں اور اپنی مدت ملازمت میں کئی اہم عہدوں پر فائز رہے ہیں، وہ سپریم کورٹ کے فاضل جج جسٹس آصف سعید کھوسہ کے بھائی ہیں اورطارق سعید کھوسہ کی شہرت ان کی ایمانداری ہے ، اسی بنیاد پرتحریک انصاف نے ان کا نام پنجاب سے الیکشن کمیشن کے رکن کی حیثیت سے تجویزکیا۔

Load Next Story