افغانستان سے خوراک کی تجارت روپے میں کرنے کا فیصلہ

اظہر جتوئی  بدھ 3 اگست 2016
دستاویزکے مطابق پاکستان نے افغانستان کے ساتھ ترجیحی تجارتی معاہدے پر بات چیت شروع کرنے کی تجویز دی ہے فوٹو: فائل

دستاویزکے مطابق پاکستان نے افغانستان کے ساتھ ترجیحی تجارتی معاہدے پر بات چیت شروع کرنے کی تجویز دی ہے فوٹو: فائل

 اسلام آباد:  پاکستان نے افغانستان سے پھلوں سبزیوں ڈیری مصنوعات اور گوشت کی برآمدات ٹی فارم کے بجائے پاکستانی روپے میں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزارت تجارت کی دستاویزکے مطابق پاکستان کی استدعا پر افغانستان نے پاکستانی تاجروں کو 1 سال کا ملٹی پل ویزہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے، دونوں ممالک کے ممتاز تاجروں پر مشتمل جوائنٹ بزنس کونسل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے تاکہ تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے، افغانستان کی طرف سے جے بی سی کا اجلاس دوبارہ موخر کردیا گیا ہے، نئی تاریخوں پر ابھی غور کیا جا رہا ہے۔

دستاویزکے مطابق پاکستان نے افغانستان کے ساتھ ترجیحی تجارتی معاہدے پر بات چیت شروع کرنے کی تجویز دی ہے، اس ضمن میں پاکستان نے اپنے سفارتخانے کے توسط سے پی ٹی اے پر تجاویز پیش کر دی ہیں تاہم افغانستان سے ردعمل کا انتظار ہے۔ دستاویزکے مطابق پاکستان اور افغانستان کے درمیان 2014-15میں تجارت کا حجم 2.28 ارب ڈالر رہا، حالیہ کشیدگی کی وجہ سے طورخم سرحد بند کر دی گئی تھی جس کی وجہ سے کاروباری اور تجاتی سرگرمیاں معطل رہیں، پھلوں اور سبزیوں سے بھرے سیکڑوں ٹرک سرحدپر کھڑے رہے،کشیدگی کی وجہ سے برآمدات متاثر ہوئیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔