بھارتی ریاست ارونا چل پردیش کے سابق وزیراعلیٰ نے خود کشی کرلی

کالیکھوپال نے کانگریس سے بغاوت کرتے ہوئے اپنی ہی جماعت کے بعض اراکین کو ساتھ ملاکر کانگریس کی حکومت ختم کرادی تھی

کالیکھوپال کانگریس کے باغی ارکین اور بی جے پی کی حمایت کے بعد ریاست اروناچل پردیش کے وزیراعلیٰ بنے: فوٹو: فائل

بھارتی ریاست ارونا چل پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ کالیکھوپال نے سپریم کورٹ کی جانب سے اپنی حکومت کے خاتمے کے بعد دل برداشتہ ہوکر خودکشی کرلی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کانگریس کے باغی رکن اور بھارتی ریاست ارونا چل پردیش کے سابق وزیراعلی کالیکھو پال نے گھر میں گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کرلی۔ کالیکھو پال کانگریس کے ٹکٹ پرالیکشن جیت کراسمبلی کے رکن بنے اورانہوں نے اپنی ہی جماعت سے بغاوت کرتے ہوئے بعض اراکین کو ساتھ ملاکر کانگریس کی اسمبلی میں اکثریت ختم کردی جس کے بعد دلی سرکارنے ریاست میں گورنرراج نافذ کردیا تھا۔

کالیکھوپال کانگریس کے باغی ارکین اوربی جے پی کی حمایت کے بعد ریاست کے وزیراعلیٰ بن گئے تاہم سپریم کورٹ نے گورنرراج کو غیر قانونی قراردیتے ہوئے وفاق کے فیصلے کو کالعدم قراردے دیااورکانگریس کی حکومت بحال کردی، یوں وہ اس منصب پر صرف ساڑھے چار ماہ ہی فائزرہے۔

سپریم کورٹ نے ریاست میں نہ صرف گورنرراج کوغیرقانونی قراردیا بلکہ اس دوران کی گئیں تمام تقرریاں بھی کالعدم قراردے دیں جس پرکالیکھو پال انتہائی دلبرداشتہ ہوگئے تاہم اس دوران انہوں نے اپنی سرکاری رہائش گاہ نہیں چھوڑی لیکن قریبی حلقوں سے ملنا جلنا بند کردیا تھا اوریہی صورتحال ان کی خودکشی کی وجہ قراردی جارہی ہے۔


پولیس کا کہنا ہے کہ کالیکھوپا ل نے جس کمرے میں خودکشی کی وہاں سے ''میرے وچار'' کے نام سے ان کی تحریر بھی ملی ہے جس میں انہوں نے خودکشی کی وجوہات اور دیگر معاملات پراپنے خیالات کا اظہار کیا۔

کانگریس کی صدرسونیا گاندھی نے سابق وزیر اعلی کی خودکشی کے اقدام پر گہرے دکھ کا اظہار کیا جب کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی کالیکھوپا ل کی خودکشی پرگہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے لئے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔



Load Next Story