مینز ہاکی حیدرآباد کے کھلاڑی نے امپائر کی پٹائی لگادی

لاڑکانہ کے باڈی بلڈرزکا اختتامی تقریب کے دوران احتجاج ،گیمزتنازعات کاشکار رہے

امپائرز کی رپورٹ سندھ ہاکی ایسوسی ایشن کی ڈسپلنری کمیٹی کو پیش کی جائے گی، ٹورنامنٹ ڈائریکٹر فوٹو: فائل

سندھ گیمز کے آخری روز مینز ہاکی فائنل میں حیدرآباد کے کھلاڑی وسیم نے فائول نہ دینے پر امپائرکی پٹائی لگا دی،انھیں اس حرکت پر ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر نکال دیا گیا۔

دوسری جانب لاڑکانہ کے باڈی بلڈرز نے اختتامی تقریب کے دوران احتجاج کیا، مجموعی طور پر گیمز تنازعات کا شکار رہے۔ تفصیلات کے مطابق بورڈ اسٹیڈیم ہاکی گرائونڈ میں مقابلے کے 14 ویں منٹ میں حیدرآباد کے لیفٹ ہاف وسیم اقبال کراچی سے تعلق رکھنے والے امپائر اخلاق بخاری کی جانب سے فائول نہ دینے پر طیش میں آگئے، انھیں دھکا دے کر گرا دیا اورگھونسے رسید کیے، دیگرکھلاڑیوں اور ایونٹ آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین نے آکر وسیم اقبال کو روکا اور گراونڈ سے باہر لے گئے، تشدد کا نشانہ بننے والے امپائر اخلاق بخاری نے بتایاکہ وسیم نے گالیاں دیں، دھکا دے کر گرایا اور بلاجواز تشدد کیا،انھیں ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر نکال دیا گیا اور پھر میچ دوبارہ شروع ہوا۔




ٹورنامنٹ ڈائریکٹر عبداللہ علی طلعت کا کہنا ہے کہ امپائرز کی رپورٹ سندھ ہاکی ایسوسی ایشن کی ڈسپلنری کمیٹی کو پیش کی جائے گی، ان کے فیصلے کے مطابق وسیم اقبال کیخلاف کارروائی ہوگی۔ دوسری جانب لاڑکانہ ریجن کے دستے میں شامل باڈی بلڈنگ کے کھلاڑیوں نے اختتامی تقریب کے دوران ڈیلی اور ٹریول الائونس نہ دیے جانے پر وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی ڈاکٹر محمد علی شاہ ودیگر مہمان گرامی کے سامنے اسٹیج کے سامنے احتجاج کیا، انھوں نے آرگنائزنگ کمیٹی کے خلاف شدید نعرے بازی کی تاہم اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوا۔
Load Next Story