بھارتی کپتان مہندرا دھونی اب علیم ڈار کے پیچھے پڑگئے

جان بوجھ کر کوئی غلط فیصلہ نہیں دیا تو تنقید سے کیوں گھبرائوں، پاکستانی امپائر


Sports Desk December 05, 2012
میری امپائرنگ کے دوران 70 سے زائد اپیلیں ہوئیں، سوجھ سمجھ کر فیصلہ دیا، علیم ڈار فوٹو : فائل

WASHINGTON: مائیک ڈینس، اسٹیو بکنر اور ڈیرل ہارپر کے بعد بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی اب پاکستانی امپائر علیم ڈار کے پیچھے پڑگئے۔

حالیہ سیریز میں ان کے جارحانہ رویے اور آئی سی سی کی خاموشی کو کرکٹ کے حلقے معنی خیز قرار دے رہے ہیں، دھونی کو علیم ڈار کے چند فیصلوں پر سخت اعتراض تھا اور انھوں نے میڈیا کے سامنے اس کا برملا اظہار بھی کیا،اس سارے معاملے میں شین وارن بھی پیچھے نہ رہے اور ٹویٹر پر علیم ڈار پر تنقید کا موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیا، مسلسل 3 سال بہترین امپائر کا آئی سی سی ایوارڈ جیتنے والے پاکستانی امپائر اس صورتحال سے قطعاً پریشان نہیں۔

02

ان کا کہنا ہے کہ جان بوجھ کر کوئی غلط فیصلہ نہیں دیا تو تنقید سے کیوں گھبرائوں۔ بی بی سی کو انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ میں اندازے پر فیصلہ نہیں دیتا بلکہ جو دیکھوں اسی کے مطابق سوچ سمجھ کر فیصلہ کرتا ہوں، جہاں تک غلطی کا تعلق ہے تو وہ ہر انسان سے ہوسکتی ہے، علیم ڈار نے کہا کہ بھارت کی سیریز آسان نہیں تھی، اس میں بولنگ کا آغاز ہی اسپنر کر رہا تھا اورگیند پہلے ہی اوور سے ٹرن ہونا شروع ہوجاتی تھی، میری امپائرنگ کے دوران 70 سے زائد اپیلیں ہوئیں۔

ٹویٹر پر شین وارن کے ریمارکس کے بارے میں علیم ڈار نے کہا کہ میں ایسی باتوں سے دباؤ میں آنے والا شخص نہیں ہوں، جو شخص کمنٹری کرے اپنا تبصرہ کرنا اس کا حق ہے، میرا کام امپائرنگ ہے اور مکمل اعتماد سے اپنی ذمہ داری نبھاتے رہوں گا۔ انھوں نے کہا کہ میں ہمیشہ سے ڈی آر ایس کا حامی رہا ہوں کیونکہ بعض اوقات حالات اتنے مشکل ہوجاتے ہیں کہ ٹیکنالوجی کی مدد ضروری ہوتی ہے،اسے ہر سیریز میں استعمال کرنا چاہیے۔