اسکواش ٹائٹل جیتنے پر جان شیر خان خوشی سے سرشار

کریڈٹ ایئر چیف مارشل سہیل امان کو جاتا ہے، فاتح ٹیم واسٹاف کو مبارکباد

کریڈٹ ایئر چیف مارشل سہیل امان کو جاتا ہے، فاتح ٹیم واسٹاف کو مبارکباد. فوٹو: فائل

KARACHI:
جونیئر ورلڈ اسکواش چیمپئن شپ جیتنے پر لیجنڈ پلیئر جان شیر خان خوشی سے سرشار ہو گئے، سابق عالمی چیمپئن نے فاتح ٹیم، کوچ، منیجر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ تمام کریڈٹ صدر اسکواش فیڈریشن ایئر چیف مارشل سہیل امان کو جاتا ہے.

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے لیجنڈ پلیئر نے کہا کہ اسکواش فیڈریشن کی خصوصی ہدایت کے مطابق اکیڈمی قائم کی، جس میں ان6 کھلاڑیوں نے انتھک محنت کی اور8سال بعد ہم جونیئر چیمپئن شپ کا اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے مردوں کے ساتھ خواتین کھلاڑیوں کو بھی سہولیات فراہم کرنے اور عالمی مقابلوں میں شریک کرنے کی ہدایت دی تھی، جس پر رواں سال ایک ویمن پلیئر کو ورلڈ جونیئر چمپیئن شپ میں شرکت کا موقع فراہم کیا گیا.


جان شیر نے مزید کہا کہ پاکستان کی جانب سے ویمنز کا اسکواش کھیلنا خوش آئند ہے، اگر خلوص نیت سے اسکواش کے لیے کام کیا گیا تو مینز کے ساتھ ویمنز ورلڈ ٹائٹلز بھی اپنے ملک میں لانے میں کامیاب ہو سکتے ہیں، انھوں نے بتایاکہ میری درخواست پر صدر فیڈریشن ایئر چیف مارشل سہیل امان نے اسکواش فیڈریشن کو ہدایت کی کہ ورلڈ فیڈریشن اور پروفیشنل ایسوسی ایشن سے مینز انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کی طرح 2017 میں ویمنز انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹس کی میزبانی کیلیے بھی کہا جائے۔

انٹرنیشنل ویمن پلیئرز کے پاکستان آنے سے پاکستانی کھلاڑیوںکی حوصلہ افزائی کیساتھ تجربہ حاصل ہو گا اور اسکواش کے میدان میں خواتین کے کھیل کو فروغ ملے گا، جان شیر خان نے کہا کہ اگر جونیئر اکیڈمیز پر یوں ہی توجہ دی جاتی رہی تو وہ دن دور نہیں جب پاکستان اسکواش کے میدان میں اپنے کھوئے ہوئے اعزازت حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا، عالمی چیمپئن نے ملک بھر میں اسکواش کے فروغ کیلیے میڈیا کے کردار کو سراہا، واضح رہے کہ پولینڈ میں منعقدہ ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ میں پاکستان کی جانب سے5 مرد اور ایک خاتون پلیئر نے شرکت کی تھی، ٹیم نے ایونٹ اپنے نام کیا تھا۔
Load Next Story