جنوبی افریقہ میں فوجی طیارہ گر کر تباہ 11 افراد لا پتہ
جہاز کا ملبہ صوبہ ناتل کے علاقہ لیڈی سمتھ کے پہاڑوں پر پایا گیا۔ فوٹو: رائٹرز/ فائل
جنوبی افریقہ کے مشرقی پہاڑوں میں فوجی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار 11 افراد لاپتہ ہوگئے۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق فوجی جہاز پریٹوریا سے متھاتھا کی جانب سفر کر رہا تھا جو موسم خراب ہونے کے باعث گر کر تباہ ہوگیا۔ جہاز کا ملبہ صوبہ ناتل کے علاقہ لیڈی سمتھ کے پہاڑوں پر ملا ہے۔
جنوبی افریقہ کے فوجی حکام کے مطابق طیارہ پریٹوریا کے ''واٹرلوف'' نامی ایئرفورس بیس سے آج رات روانہ ہوا تھا، انہوں نے کہا کہ زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کے لئے فوجیوں کو جائے وقوع پر بھیج دیا گیا تھا تاہم موسم کی خرابی کے باعث تلاش میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق ہوائی جہاز کے لاپتہ افراد میں نیلسن منڈیلا کی طبی ٹیم کے ارکان بھی شامل ہیں۔