کراچی کاٹیج انڈسٹری میں سرمایہ کاری کرینگے جاپانی وفد

مہران ہائی وے فیز II کا تعمیراتی کام فوری شروع کیا جائے،محمد حسین سید.

مہران ہائی وے سے منسلک تمام سڑکوں کو بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنے فنڈز سے تعمیر کرے گی. فوٹو: فائل

حکومت جاپان نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کو پیشکش کی ہے کہ اگلے ماہ ایسے سیمینار کا انعقاد کیا جائے جس میں 800سے زیادہ جاپانی سرمایہ کار شرکت کریں اور چھوٹے اور درمیانے سائز کی کاٹیج انڈسٹری چلانے والے افراد کو اس سیمینار میں مدعو کیا جائے۔

ان تمام سرمایہ کاروں کو مہران ہائی وے پر قائم کیے جانیوالے انڈسٹریل زون میں سرمایہ کاری کی دعوت دی جائے جسے حکومت جاپان بھی مالی تعاون فراہم کرے گی، یہ بات جائیکا جاپان کے وفد نے مسٹر آگاسی کی قیادت میں ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی محمد حسین سید سے ملاقات کے موقع پر کہی، ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز الطاف جی میمن ، پروجیکٹ ڈائریکٹر فہیم جونیجو، چیف انجینئر محمد شکیب، کنسلٹنٹ ندیم انصاری اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی محمد حسین سید نے کہا کہ ورکس اینڈسروسز کو یہ ہدایت جاری کی گئیں ہیں کہ مہران ہائی وے سے منسلک تمام سڑکوں کی تعمیر و مرمت پر خصوصی توجہ دی جائے اور مہران ہائی وے کے فیز I کا بقیہ اور فیز II کا تعمیراتی کام فوری شروع کیا جائے۔




انھوں نے کہا کہ مہران ہائی وے سے منسلک تمام سڑکوں کو بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنے فنڈز سے تعمیر کرے گی، پانی اور سیوریج کی لائنوں، برساتی نالے کی تعمیر سمیت اس علاقے کے انفرا اسٹرکچر پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ مہران ہائی وے فیز II کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد تاجروں اور سرمایہ کاروں کو نیشنل ہائی وے کے متبادل ایک معیاری شاہراہ میسر آئے گی جس سے نیشنل ہائی کے ٹریفک کے دبائو کو کم کرنے میں مدد ملے گی اور اطراف میں واقع صنعتی اور تجارتی علاقوں کو مزید ترقی اور کاروباری سرگرمیوں کو وسعت ملے گی۔
Load Next Story