جامعہ کراچی میں صنعتی خامرے تیار کرنیکا تجربہ کامیاب

’’پھپھوندی‘‘سے تیارکیے گئے ایک لیٹرخامرہ 7روز میں تیار ہوتا ہے،خامروں کی تیاری پر لاگت درآمدی لاگت سے 5گنا کم ہے۔

جامعہ کراچی میںتیار کیے گئے خامرے مائع اور پائوڈر کی شکل میں۔ فوٹو: ایکسپریس

جامعہ کراچی کے شعبہ انڈسٹریل با ئیو ٹیکنالوجی میں سائنسدانوں نے تحقیق اور شب وروزکی محنت کے بعد ملک میں غذا، کپڑے اورچمڑے سمیت دیگرصنعتوں میں اربوں روپے مالیت کے استعمال ہونے والے ''خامرے''(Enzyme) پہلی بار خود تیارکرلیے ہیں۔

ابتدائی طورپریہ خامرے ''مائع''کی شکل میں تیارکیے گئے ہیں جبکہ ضرورت کے تحت اسے پائوڈرکی صورت میں بھی تیارکرنے کی صلاحیت حاصل کرلی گئی ہے یہ خامرے صنعتوں میں کپڑے کی تیاری،جوس کی تیاری،چمڑے اورکاغذ جبکہ صابن سازی میں استعمال کیے جاتے ہیں جس کی پاکستان میں پیداوارنہیںاورملکی صنعتیں سالانہ اربوں روپے کے خامرے دیگرممالک سے درآمدکرتی ہیں ان خامروں کی تیاری میںجامعہ کراچی کے ڈاکٹر عبدالقدیر خان انسٹیٹیوٹ آف با ئیو ٹیکنالوجی اینڈ جنیٹک انجینئرنگ کے سائنسدان ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر شاہ علی القدراور انسٹی ٹیوٹ کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر افشین امان سمیت سائنسدانوں کی کاوشیں شامل ہیں۔




ڈاکٹرعلی القدرنے''ایکسپریس''کوبتایاکہ کپڑے اورجوس کی تیاری کے لیے ہماری صنعتیں خامرے دیگرممالک سے منگواتی ہیں یہ خامرے کپڑے کی تیاری میں دھاگوں کے ریشے ختم کرنے،دھاگے کی بنائی کی جگہ کوپرکرنے اوراس کی حتمی صورت کونکھارنے کے لیے استعمال ہوتے ہیں جبکہ جوس کی تیاری میں اسے پھلوں کے ریشے توڑنے اوراسے گلانے یاختم کرنے کے لیے استعمال کیا جاتاہے انسٹی ٹیوٹ میں اسے ''پھپھوندی''سے تیارکیاگیا ہے انھوں نے بتایاکہ ایک لیٹرخامرے کی تیاری میں فی الحال 5 سے7روز کاوقت لگ رہاہے۔

انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹرپروفیسرڈاکٹرعابد اظہرنے بتایاکہ پھپھوندی کے ذریعے خامروں کی تیاری میں آنے والی لاگت اس کی درآمدی لاگت سے کم از کم پانچ گنا کم ہے اگرملکی صنعتیں اسے صنعتی پیمانے پرتیارکریں توبڑے درآمدی اخراجات سے بچاجاسکتاہے اورمتعلقہ اشیا کی قیمت مزید کم ہوسکتی ہے ،ڈاکٹرعلی القدرکے مطابق تیار کردہ خامروں میں الفا امائیلیس ، سیلو لیس، پیکٹینیس اور گلوکو امائیلیس شامل ہیں انھوں نے بتایاکہ اسٹیٹ بینک کے اعدادو شمار کے مطابق جولائی 2011 سے اکتوبر 2012 تک تقریباً 19 ارب روپے کے خامرے درآمد کیے گئے ہیں۔
Load Next Story