پولیس نے مبینہ مقابلے میں اپنا ہی پیٹی بھائی ہلاک کرڈالا

رزاق آباد ٹریننگ سینٹر میں زیر تربیت تھا،بلاول کو قریب سے گولیاں ماری گئیں۔

اعلیٰ حکام واقعے کا نوٹس لیں،بھائی، مقتول کیخلاف 8مقدمات درج ہیں، پولیس۔ فوٹو: فائل

پریڈی پولیس نے مبینہ مقابلے میں اپنا ہی پیٹی بند بھائی ہلاک کرڈالا ، مقتول کو انتہائی قریب سے 6 گولیاں ماری گئیں۔

تفصیلات کے مطابق پیر کی شب پریڈی پولیس نے پاسپورٹ آفس کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران ایک ڈاکو کی ہلاکت کا دعویٰ کیا تھا ، مرنے والے کی شناخت اس کے بڑے بھائی احمد نے بلاول خان آفریدی کے نام سے کرلی تھی اور فوری طور پر سول اسپتال پہنچ گئے تھے ، ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ مقتول بلاول آفریدی پولیس اہلکار تھا اور رزاق آباد ٹریننگ سینٹر میں زیر تربیت تھا، بلاول کی ایک ماہ بعد شادی تھی جس کی ہلاکت کے بعد خوشیوں بھرا گھر ماتم کدہ میں تبدیل ہوگیا۔


ان کا کہنا تھا کہ وقوعہ کے وقت بلاول شادی کی تیاری کے سلسلے میں درزی کے پاس سے کپڑے سلنے کے لیے دے کر واپس اپنی رہائش گاہ واقع سلطان آباد آرہا تھا کہ پاسپورٹ آفس کے قریب پریڈی پولیس نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا ، احمد آفریدی نے ایکسپریس کو مزید بتایا کہ ان کے بھائی کو ایک سے ڈیڑھ فٹ کے فاصلے سے نائن ایم ایم پستول سے 6 گولیاں ماری گئیں جبکہ اس کے جسم پر گولی سے نکلنے والا بارود تک لگا ہوا تھا حالانکہ اگر پولیس مقابلہ ہوتا تو کم از کم اتنے قریب سے فائرنگ نہیں کی جاتی جبکہ کوئی پولیس اہلکار زخمی تک نہیں ہوا.

احمد کا کہنا تھا کہ پولیس نے پہلے انھیں بتایا کہ ڈکیتی کی اطلاع پر پولیس وہاں پہنچی تھی تو ملزم سے فائرنگ کا تبادلہ ہوگیا جبکہ بعد میں بیان تبدیل کرتے ہوئے کہا کہ ان کا بھائی جس شخص سے لوٹ مار کررہا تھا اس کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا، احمد نے بتایا کہ اس حوالے سے کوئی مدعی بھی پیش نہیں ہوا، انھوں نے مطالبہ کیا کہ اعلیٰ حکام واقعے کا نوٹس لیں،احمد نے بتایا کہ مقتول بلال آفریدی کو منگل کو مواچھ گوٹھ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا.

علاوہ ازیں پریڈی پولیس نے مقتول بلاول خان آفریدی کے خلاف پولیس مقابلے کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کرلیا، مقدمہ متاثرہ شخص مظہر کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے اور ایف آئی آر میں ایک ملزم کو مفرور قرار دیا گیا ہے، مقتول کے قبضے سے ساڑھے پانچ لاکھ روپے مالیت کی دستی گھڑی،2موبائل فون اور نقدی ظاہر کی گئی ہے، ایس ایچ او پریڈی آغا اسد اللہ کے مطابق مقتول بلاول آفریدی کیخلاف مختلف تھانوں میں ڈکیتی اور دیگر الزامات کے تحت8مقدمات درج ہیں۔
Load Next Story