پاکستان اور بھارت مذاکرات بحال کریں

ایڈیٹوریل  بدھ 30 نومبر 2016
ہارٹ آف ایشیا کانفرنس بریک تھرو کرنے کے لیے اچھا موقع ہے۔ فوٹو: فائل

ہارٹ آف ایشیا کانفرنس بریک تھرو کرنے کے لیے اچھا موقع ہے۔ فوٹو: فائل

بھارت میں تعینات پاکستانی سفیر عبدالباسط نے ایک بھارتی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے پاک بھارت تعلقات کے حوالے سے خاصی اہم باتیں کی ہیں‘ انھوں نے کہا ہے کہ بھارت نے ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے موقعے پر مذاکرات کی تجویز دی تو اس پر سنجیدگی سے غور کریں گے تاہم اس حوالے سے دونوں جانب سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا‘ ہارٹ آف ایشیا کانفرنس اگلے ماہ بھارت میں ہونے والی ہے‘ پاکستانی سفیر نے مزید کہا کہ امن صرف مذاکرات اور تنازعہ کشمیر حل کرنے سے ہی ممکن ہے‘ بھارت نے غیرمشروط مذاکرات کی پیشکش کی تو قبول کر لیں گے۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ ہم نے کبھی نہیں کہا کہ صرف مقبوضہ کشمیر پربات چیت کرنا چاہتے ہیں‘ پاکستان نے ہمیشہ جامع مذاکرات کا کہا جس میں مسئلہ کشمیر اور دہشت گردی بھی شامل ہیں۔ جناب عبدالباسط کی باتیں مثبت اور مدلل ہیں‘ پاکستان اور بھارت کی قیادت کو بدلتے ہوئے عالمی اور علاقائی حالات کا ادراک کرتے ہوئے کشیدگی کے خاتمے کے لیے قدم اٹھانا چاہیے۔

ہارٹ آف ایشیا کانفرنس بریک تھرو کرنے کے لیے اچھا موقع ہے‘ عجیب بات یہ ہے کہ یہ حقیقت سب تسلیم کرتے ہیں کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں اور تنازعات طے کرنے کے لیے آخر کار مذاکرات کی میز پر بیٹھنا پڑے گا لیکن پھر بھی اس آپشن کو اختیار نہیں کیا جا رہا‘ پاکستان اور بھارت کو اپنے تنازعات حل کرنے کے لیے پرامن ذرایع اختیار کرنے چاہئیں کیونکہ مہذب قومیں وہ ہوتی ہیں جو اپنا یا دوسرے کا نقصان کر کے سبق نہیں سیکھتیں بلکہ تاریخ کو پڑھ کر اس سے سبق سیکھتی ہیں اور اپنا بھی نقصان نہیں کرتیں اور نہ ہی دوسرے کو نقصان پہنچاتی ہیں لہٰذاپاکستان اور بھارت کو فوری طور پر جامع مذاکرات کا سلسلہ بحال کرنا چاہیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔