پی ٹی وی قائد اعظم کے یوم ولادت پر خصوصی پروگرام پیش کریگا

کراچی سینٹرسے پروگرام جگنو،قائداعظم کا پاکستان، قائد کوئز،عہد ساز شخصیت پیش ہونگے.

27 دسمبر کو بینظیر بھٹو شہید کی برسی پر پروگرام’’بینظیر بینظیر‘‘،’’نذر بینظیر‘‘پیش کیاجائیگا. فوٹو: فائل

پاکستان ٹیلی وژن کراچی سینٹرسے 25 دسمبر کو قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت اور27 دسمبر کو بے نظیر بھٹوشہیدکی برسی کے موقع پر خصوصی پروگرام پیش کیے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی وی کراچی سینٹر قائد اعظم کے یوم پیدائش پر خصوصی پروگرام پیش کرے گا ، قائد اعظم محمد علی جناح کے حوالے سے پہلا پروگرام ''جگنو'' پیش کیا جائے گا، اس پروگرام کا دورانیہ 45منٹ ہوگا، پروگرام کی تحریر وہدایت رفعت ہمایوں کی ہے، اس میں خالد انعم، نہا انیل ودیگر فنکار کام کرینگے ،اس کے بعد ''قا ئد اعظم کا پاکستان '' کے عنوان سے دستاویزی فلم دکھائی جائیگی، اس فلم کی مکمل شوٹنگ قائد اعظم کے مزار پر کی گئی ہے فلم میں قائد اعظم محمد علی جناح کی تصاویرکا حوالہ دیتے ہوئے یہ بتایا جائیگا کہ قائد کا پاکستان کے بارے میں کیا ویژن تھا۔


اس دستاویزی فلم کی تحریر وہدایت ضیا الرحمن ضیا کی ہے جب کہ کمپیئرنگ کے فرائض صدام ہاشمی نے انجام دیے ہیں، اس فلم کے بعد ''قائد کوئز'' کے عنوان سے پرواگرام منعقد ہوگا جس میں یونیورسٹیز کے طلبا و طالبات شریک ہونگے اس کے علاوہ ملی نغمے بھی پیش کیے جائیں گے، ذہنی آزمائش کے اس پروگرام کوبھی ضیا الرحمن ضیا نے تحریر کیا ہے، بانی پاکستان کے یوم پیدائش کے موقع پر پی ٹی وی قائد اعظم کی شخصیت پر ایک پروگرام بعنوان ''قائد اعظم ایک عہد ساز شخصیت'' پیش کرے گا، اس پروگرام میں قائد اعظم کی شخصیت پر گفتگو کی جائے گی۔



پروگرام کے مہمان زینت ہارون (کارکن تحریک پاکستان اور قائد کی ساتھی) ڈاکٹر محمد علی شیخ(وائس چانسلر سندھ مدرستہ السلام یونیورسٹی) اور ارشد محمود(صدر المنائی، کراچی یونیورسٹی) ہونگے،اس کے علاوہ 27دسمبر کو شہید بے نظیر بھٹو کی پانچویں برسی کے حوالے سے بھی خصوصی پروگرام پیش کیے جائیں گے، پی ٹی وی کراچی سینٹر بے نظیر بھٹو شہید کی برسی کے موقع پر ذہنی آزمائش کا ایک پروگرام بعنوان ''بے نظیر بے نظیر'' پیش کرے گا جس میں کالج اور یونیورسٹی کے طلبا و طالبات شریک ہونگے،اس کے بعد ''نذر بے نظیر'' کے عنوان سے ایک مشاعرے کا اہتمام کیا جائے گا جس میں ملک کے نامور شعرا اپنے تازہ کلام کے ذریعے شہید بے نظیر بھٹو کو خراج تحسین پیش کرینگے۔
Load Next Story