ملک میں انٹرنیشنل ٹینس کی بحالی کھٹائی میں پڑ گئی

بھارت کے بعد ایران کا بھی ڈیوس کپ میچزمنتقل کرنے کا مطالبہ، پی ٹی ایف کا ایرانی رویے پرحیرانی کا اظہار

بھارت کے بعد ایران کا بھی ڈیوس کپ میچزمنتقل کرنے کا مطالبہ، پی ٹی ایف کا ایرانی رویے پرحیرانی کا اظہار: فوٹو: اے ایف پی/فائل

ملک میں انٹرنیشنل ٹینس کی بحالی کھٹائی میں پڑ گئی، بھارت کے بعد ایران نے بھی ڈیوس کپ ایشیا اوشیانا گروپ ٹو ٹائی پاکستان سے کسی دوسرے وینیو پر منتقل کرنے کیلیے انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کو درخواست دے دی۔


تفصیلات کے مطابق پاکستان میں انٹرنیشنل ٹینس کی بحالی کا معاملہ ایک بار پھر لٹکتا ہوا نظر آ رہا ہے، ایران نے پہلے ہاں اور پھر ناں کرکے پاکستان ٹینس فیڈریشن حکام کی نیندیں اڑا دی ہیں، ہمسایہ ملک نے آئندہ سال فروری میں پاکستان کیخلاف اسلام آباد میں شیڈول ڈیوس کپ ایشیا اوشیانا گروپ ٹو ایونٹ کرانے کی مخالفت کرتے ہوئے سیکیورٹی خدشات کا اظہار کیا، ساتھ ہی انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن سے درخواست کی کہ وہ اس فیصلے پر نظر ثانی کرے،اس نے امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے کے بعد پاکستان کو میزبانی دی تھی، ایران کی جانب سے انکار کے بعد پاکستان کا یہ 12 سالہ انتظار مزید طویل ہو جائے گا۔

پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکریٹری خالد رحمانی نے ایران ٹینس فیڈریشن کے رویے پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ انٹرنیشنل فیڈریشن ایونٹ پاکستان سے منتقل نہیں کرے گی، ہم نے اس حوالے سے اپیل کی ہے کہ آئی ٹی ایف کی سیکیورٹی ٹیم نے بھی پاکستان میں ٹینس ایونٹ کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا لہذا وینیو منتقل نہ کیا جائے۔ واضح رہے کہ ڈیوس کپ ایشیا اوشیانا گروپ ٹو میں پاکستان اور ایران کو آئندہ سال فروری میں مدمقابل ہونا ہے۔
Load Next Story