یونس نے عامر کو پاکستان کا ٹرمپ کارڈ قرار دیدیا

سیم وسوئنگ کے ہتھیاروں سے لیس پیسرفتوحات میں اہم کردار اداکرسکتے ہیں، بیٹسمین


Sports Desk December 09, 2016
پریکٹس کا موقع ملنے سے پلیئرز بہتر حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترینگے ۔ فوٹو : فائل

یونس خان نے محمد عامر کو پاکستان کا ٹرمپ کارڈ قرار دیدیا،ان کا کہنا ہے کہ سیم اور سوئنگ کے ہتھیاروں سے لیس پیسر فتوحات میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، ان کے مطابق مصنوعی روشنیوں میں کھیلے جانے والے برسبین ٹیسٹ میں زیادہ توقعات وابستہ ہونگی، پریکٹس کا اچھا موقع ملنے کے بعد بیٹسمین بہتر حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترینگے۔

تفصیلات کے مطابق میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے یونس خان نے کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا الیون کے بولرز نے کنڈیشنز کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نپی تلی بولنگ کی،میدان بڑا ہونے کی وجہ سے بھی رنز بنانا آسان نہیں تھا تاہم بیٹسمین اچھا وقت کریز پر گزارنے میں کامیاب ہوئے، انھوں نے کہا کہ ہمیں نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز سے قبل تیاری کا موقع نہیں مل سکا تھا،آسٹریلیا میں نیٹ پریکٹس کے ساتھ حکمت عملی تیار کرنے کیلیے بھی وقت میسر آیا، بیٹنگ میں بہتر کھیل کی توقع کرسکتے ہیں۔ یونس خان نے کہا کہ ٹور میچ کے پہلے دن ہماری مجموعی کارکردگی اچھی رہی، پیسرز نے ناتجربہ کار میزبان بیٹسمینوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے 4 کو پویلین بھیج دیا،محمد عامر کا آغاز میں ہی ردھم میں آنا بڑی خوش آئند بات ہے۔

آسٹریلوی کنڈیشنز میں سیم اور سوئنگ کے ہتھیار بڑے موثر ثابت ہوتے ہیں، پیسر پاکستان کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں،مصنوعی روشنیوں میں کھیلے جانے والے برسبین ٹیسٹ میں کنڈیشنز محمد عامر کیلیے زیادہ سازگار ہونگی، مچل اسٹارک کی جانب سے مہمان بیٹسمینوں کیلیے اسی طرح کی مشکلات پیدا کرنے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں ہر طرح کے چیلنج کیلیے تیار رہنا پڑتا ہے،ذہنی طور پر مضبوط ہوکر ہی میزبان اٹیک کا سامنا کرنا ہوگا،یونس خان نے کہا کہ پیس اور باؤنس والی پچز پر بہادری سے کھیلنا پڑتا ہے، ہیڈ کوچ مکی آرتھر بھی رہنمائی کررہے ہیں، پرستاروں کی اپنی ٹیم سے بڑی توقعات وابستہ ہیں ان پر پورا اترنے کی کوشش کرینگے۔