پاکستان کے ضلع سوات سے تعلق رکھنے والے شہری مہران خان نے چلتی موٹر سائیکل پر ایک ہاتھ سے ناقابل یقین کیچ پکڑ کر دنیا بھر میں کرکٹ شائقین کی توجہ حاصل کرلی۔
واقعہ مینگورہ میں سوات پریمیئر لیگ کے ایک میچ کے دوران پیش آیا، جہاں بیٹر ابرار لالا نے چھکا لگایا تو گیند سڑک کی جانب چلی گئی۔
اسی دوران محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے ملازم مہران خان اپنے دوست کے ساتھ موٹر سائیکل پر وہاں سے گزر رہے تھے۔ انہوں نے فوری طور پر ایک ہاتھ آگے بڑھایا اور چلتی موٹر سائیکل پر ہی گیند تھام لی۔
مہران خان نے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے کیچ پکڑنے سے پہلے موٹر سائیکل چلانے والے دوست کو سر جھکانے کا کہا تھا تاہم انہیں خود بھی کامیابی کی امید نہیں تھی۔
ان کے مطابق ویڈیو راتوں رات سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور انہیں اس مقبولیت کا اندازہ بھی نہیں تھا۔
سوات پریمیئر لیگ کے منتظمین نے ان کی غیر معمولی مہارت پر پاکستان آرمی کی جانب سے 10 ہزار روپے انعام دینے کا اعلان کیا۔
مہران خان نے انعام ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کے سالانہ انعقاد کی خواہش بھی ظاہر کی۔