لاہور قلندرز نے آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر شان ٹیٹ کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آئندہ سیزن کے لیے ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
شان ٹیٹ لاہور قلندرز کے لیے نئے نہیں ہیں۔ وہ رواں سال گیانا میں ہونے والی گلوبل سپر لیگ (جی ایس ایل) 2026 میں بھی ٹیم کے ساتھ بطور ہیڈ کوچ کام کر چکے ہیں۔
اس دوران ان کی محنت، کھیل کو سمجھنے کی صلاحیت اور فاسٹ بولرز کی کارکردگی بہتر بنانے کے انداز کو ٹیم میں کافی سراہا گیا۔
شان ٹیٹ آسٹریلیا کی جانب سے کھیلنے والے تیز ترین بولرز میں شمار ہوتے ہیں اور 2007 میں آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کا بھی حصہ تھے۔ کوچنگ کے شعبے میں بھی انہیں خاصا تجربہ حاصل ہے۔
وہ اس سے قبل پاکستان سپر لیگ کی مختلف ٹیموں اور پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ بھی کام کر چکے ہیں جہاں انہیں شاہین آفریدی اور دیگر پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔