سی پیک منصوبے کی جلد تکمیل ہماری ترجیح ہے شہباز شریف

منصوبوں کی رفتار، معیاراورشفافیت پر چینی حکام کا اطمینان کا اظہار خوش آئند ہے، وزیراعلیٰ پنجاب

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ سی پیک ایک اٹل حقیقت بن چکا ہے جس کی تیزرفتاری سے تکمیل ہماری ترجیح ہے۔


سی پیک سے متعلق بیجنگ میں ہونے والی مشترکہ تعاون کمیٹی پر بریفنگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ چین کی جانب سے مشترکہ تعاون کمیٹی میں لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین، ساہیوال کول پاورپراجیکٹ، سولرپارک اور دیگر منصوبوں پرہونے والی پیش رفت پراطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔ چینی حکام کا منصوبوں میں رفتار، معیاراورشفافیت پراطمینان کا اظہار خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے منصوبوں سے چاروں صوبوں کے ساتھ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے عوام بھی مستفید ہوں گے، چین کی جانب سے لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے میں بعض مشکلات کے باوجود تسلسل کے ساتھ تعاون پر شکرگزار ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میٹرو ٹرین منصوبہ پورے پاکستان کا منصوبہ ہے اور اس منصوبے کی تکمیل سے عام آدمی کو بین الاقوامی معیارکی جدید سفری سہولیات ملیں گی، توانائی منصوبوں کی تکمیل کیلئے بھی چین کے تعاون کے مشکور ہیں، 1320 میگاواٹ ساہیوال کول پاور پراجیکٹ مقررہ مدت سے پہلے مکمل ہوگا اور یہ منصوبہ رواں برس کے اوائل میں بجلی کی پیداوار شروع کردے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک پر ہونے والی تیز رفتار پیش رفت سے دنیا بھی حیران ہے، اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا عظیم الشان منصوبہ ہے جو گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے، سی پیک نے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے دروازے کھول دیئے ہیں اور پاکستان میں اربوں روپے کی چینی سرمایہ کاری سے پاکستان کے عوام کیلئے روزگار کے لاتعداد مواقع پیدا ہورہے ہیں ۔
Load Next Story