بورڈ کی ایک اور قلا بازی، باسط جونیئر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ برقرار

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 19 جنوری 2017
الیاس ویمنز ٹیم کے چیف سلیکٹر ہونگے ، تمام فیصلے پہلے ہی سامنے آ چکے،اعلان اب ہوا
 فوٹو: ایکسپریس/فائل

الیاس ویمنز ٹیم کے چیف سلیکٹر ہونگے ، تمام فیصلے پہلے ہی سامنے آ چکے،اعلان اب ہوا فوٹو: ایکسپریس/فائل

 لاہور:  پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک بار پھر قلابازی کھاتے ہوئے باسط علی کو جونیئر سلیکشن کمیٹی کا سربراہ برقرار رکھا ہے،اپنے کوچز پر ترجیح دیتے ہوئے کبیر خان کو ویمنز ٹیم کا ہیڈ کوچ بنا دیا گیا ہے۔

شاہد انور کو بیٹنگ کوچ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، ویمنز سلیکشن کمیٹی کی چیئرمین شپ باسط علی سے لے کر محمد الیاس کے حوالے کردی گئی، یہ تمام فیصلے پہلے ہی سامنے آ چکے تھے، گزشتہ روز باضابطہ اعلان ہوا۔

پی سی بی کے انوکھے  فیصلے ہمیشہ ہی سے زیر بحث رہے ہیں، اب حالیہ اعلانات کی وجہ سے ایک اور نئی بحث شروع ہونے کا امکان پیدا ہو گیا،اس حوالے سے گزشتہ ہفتے چیئرمین پی سی بی کی سربراہی میں خصوصی اجلاس ہوا جس میں ڈومیسٹک کمیٹی اورگیم ڈیولپمنٹ کے سربراہان سمیت دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں ویمنز سلیکشن کمیٹی کی سربراہی سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد الیاس کو سونپ دی گئی، البتہ سابق ساتھی کرکٹر کو تھپٹر مارنے والے باسط علی کو بطور جونیئر سلیکشن کمیٹی چیف برقرار رکھا گیا،دونوں سابق ٹیسٹ کرکٹرز کے  بارے میں مشہور ہے کہ وہ بورڈ پر تنقید کرنے کاکوئی موقع جانے نہیں دیتے، پی سی بی حکام کو اندیشہ تھا کہ باسط علی اور محمد الیاس کو بورڈ میں ذمہ داریاں نہ دی گئیں تو وہ  میڈیا میں تنقید کا نشانہ بناتے رہیں گے، اسی لیے نواز دیا گیا۔

علاوہ ازیں گزشتہ روز پی سی بی کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد الیاس ویمنز سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے جبکہ ندیم عباسی، عروج ممتاز اور کبیر خان کو بطور آفیشل شامل کیا گیا ہے۔ جونیئر سلیکشن کمیٹی میں فرخ زمان، عامر نذیر، ثناء اللہ بلوچ اور علی ضیا کو بطور ارکان شامل کیا گیا۔ کبیر خان کو ویمنز ٹیم کا ہیڈ کوچ بنایا گیا ہے، شاہد انور بیٹنگ کوچ ہونگے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ پی سی بی نے اپنے ہی کوالیفائیڈ کوچز کی حق تلفی کرتے ہوئے  ویمنز ٹیم کا کوچ کبیر خان کو منتخب کیا، شاہد انور کو بیٹنگ کوچ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔