اکشے کمار کی فلم ’’جولی ایل ایل بی 2‘‘ قانونی چکر میں پھنس گئی

فلم کے ٹریلر میں عدالتی کارروائی کوغلط اندازمیں دکھا کر وکالت کی ساکھ متاثرکرنے کی کوشش کی گئی، عدالت میں درخواست

فلم کے ٹریلر میں عدالتی کارروائی کوغلط اندازمیں دکھا کر وکالت کی ساکھ متاثرکرنے کی کوشش کی گئی، عدالت میں درخواست، فوٹو؛ فلم پوسٹر

بالی ووڈ اسٹار اکشے کمار کی نئی آنے والی فلم ''جولی ایل ایل بی 2'' کے ٹریلر میں وکالت کے پیشے کو غلط انداز میں پیش کرنے پر ہائیکورٹ میں فلم کے خلاف درخواست دائر کردی گئی ہے۔

بالی ووڈ اسٹار اکشے کمار کی فلم ''جولی ایل ایل بی 2'' ریلیز سے قبل ہی تنازعات کا شکار ہوچکی ہے اور فلم کے خلاف شوز بنانے والی مشہور کمپنی نے بھی قانونی کارروائی کی دھمکی دے تھی لیکن اب بھارت کے وکلا بھی فلم کے خلاف میدان میں آگئے ہیں۔


بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایڈوکیٹ اجے کمار نے فلم ''جولی ایل ایل بی 2'' کے خلاف ممبئی ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہےکہ فلم کے ٹریلر میں عدالت کے احاطے میں ڈانس اور تاش کھیلتے ہوئے دکھایا گیا ہے جس سے وکالت کے پیشے کا غلط تاثر گیا ہے جب کہ ٹریلر میں متعدد بار عدالتی کارروائی کو بھی غلط انداز میں دکھا کر وکالت کے پیشے کی ساکھ متاثر کرنے کی کوشش کی گئی ہے لہٰذا فلم سے ''ایل ایل بی'' کا ٹائٹل فی الفور ختم کیا جائے۔ ممبئی ہائیکورٹ نے درخواست کی سماعت کے لیے 24 جنوری کی تاریخ مقرر کردی ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں:اکشے کمار کی فلم ''جولی ایل ایل بی 2'' تنازع کا شکار

واضح رہے کہ ہدایتکار سبھاش کپور کی فلم ''جولی ایل ایل بی 2'' میں اکشے کمار اور ہما قریشی نے مرکزی کردار ادا کیا ہے جب کہ فلم 10 فروری کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
Load Next Story