آٹھواں کراچی لٹریچر فیسٹیول 10 فروری سے سج رہا ہے

3 روزہ فیسٹیول کے دوران 70 سیشنز میں 170 ملکی اورغیر ملکی مقررین اظہار خیال کریں گے جب کہ 18کتابوں کی رونمائی ہوگی

فیسٹول میں غیرت کے نام پر قتل، موسمیاتی تبدیلی اوراردو زبان میں تبدیلی سمیت مختلف موضوعات پرسیشنزمنعقد کیے جائیں گے: فوٹو: فائل

KARACHI:
شہر قائد میں آٹھواں سالانہ کراچی لٹریچر فیسٹیول 10 فروری سے مقامی ہوٹل میں سج رہا ہے۔

کراچی کے مقامی ہوٹل میں آٹھواں کراچی لٹریچرفیسٹیول 10 سے 12 فروری تک جاری رہے گا۔ فیسٹیول میں مختلف موضوعات پر70 سیشنز کا اہتمام کیا گیا ہے جن میں 176 ملکی اورغیرملکی مقررین اظہار خیال کریں گے۔ اس دوران ملکی وبین الاقوامی شہرت یافتہ مصنفین کی 18 کتابوں کی رونمائی ہو گی۔ فیسٹول کا آغازمورخ عائشہ جلال اور افسانہ نگار مستنصرحسین تارڑ کے خطبے سے ہوگا۔ مختلف سیشنزمیں فیسٹیول کے دوران فیسٹول کی مینیجنگ ڈائریکٹر امینہ سید کی جانب سے 5 ادبی انعامات بھی دیئے جائیں گے۔


فیسٹول میں بھارت، مالدیپ اوربنگلا دیش سمیت دیگرممالک سے مصنف حصہ لیں گے جب کہ رواں سال ماضی کی مایہ نازاداکارہ شبنم بھی اپنے ایک سیشن "پھول اورشبنم" کا حصہ ہوں گی جب کہ اسی سیشن کا پاکستانی اداکارندیم بھی حصہ بن سکتے ہیں۔ 3 روزہ فیسٹول میں رواں سال غیرت کے نام پرقتل، موسمیاتی تبدیلی اوراردو زبان میں تبدیلی سمیت مختلف موضوعات پرمنعقدہ سیشنزخاص توجہ کا مرکزہوں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ پانچ برسوں سے فیسٹیول میں شریک ہونے والوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہوا ہے، 2013 میں چوتھے فیسٹیول کے موقع پر50 ہزارافراد جب کہ گزشتہ سال ایک لاکھ 75 ہزار سے زائد لوگوں نے شرکت کی تھی۔
Load Next Story