اتحادی جماعتوں سے رابطوں کیلیے وزیراعظم کی سربراہی میں کمیٹی قائم

حکومت ہنگامی بنیاد پرعوام کوبجلی وگیس کی فراہمی یقینی بنائے، صدرآصف زرداری

حکومت ہنگامی بنیاد پرعوام کوبجلی وگیس کی فراہمی یقینی بنائے، صدرآصف زرداری،فوٹو: فائل

DUBAI:
صدرآصف زرداری نے ملک میں تبدیل ہوتی ہوئی سیاسی صورتحال،آئندہ انتخابات پرمشاورت،متحدہ قومی موومنٹ اورق لیگ کی جانب سے عوامی تحریک کے 14 جنوری کے لانگ مارچ کی حمایت پر ان جماعتوں سے بات چیت کے لیے وزیراعظم راجا پرویز اشرف کی سربراہی میں ایک4رکنی کمیٹی قائم کردی ہے۔

جس میں وفاقی وزرا مخدوم امین فہیم، سید خورشید شاہ اورپیپلزپارٹی کے سنئیررہنما اورسابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی شا مل ہیں۔یہ کمیٹی ان جماعتوں سے آئندہ کے انتخابی اتحاد سمیت اہم امور پربات چیت کرے گی۔ باخبر ذرائع کے مطابق بلاول ہائوس میں بدھ کو صدر زرداری سے وزیراعظم راجا پرویز اشرف ، وفاقی وزیرخزانہ عبد الحفیظ شیخ اور قومی اسمبلی کی اسپیکر فہمیدہ مرزانے ملاقاتیں کیںاورملکی سیاسی صورتحال،آئندہ انتخابات پر مشاورت، لانگ مارچ ، توانائی کے بحران سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ صدر زرداری نے کہا کہ سیاست کرنا تمام جمہوری قوتوں کا حق ہے لیکن سیاسی عمل میں جمہوری روایات کونظر انداز نہ کیا جائے۔




جمہوریت کے خلاف کی جانے والی تمام سازشوں کو عوام کے تعاون سے ناکام بنا دیا جائے گا۔انھوں نے اس موقع پروزیراعظم کو ہدایت کی کہ کراچی سمیت ملک بھر میں قیام امن کے لیے وفاقی حکومت چاروں صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کرمربوط لائحہ عمل اختیارکرے۔ وزیرخزانہ سے ملاقات میں صدر نے کہا وفاقی حکومت توانائی کے بحران کے خاتمے کیلیے بھرپور اقدامات کرے ، توانائی کے حصول کے لیے متبادل ذرائع کے منصوبوں پرجاری کام کی رفتار کو مزید تیزکیا جائے۔اسپیکرقومی اسمبلی سے ملاقات میںصدر نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں پارلیمنٹ میں تاریخی قانون سازی کی گئی ہے جو جمہوری حکومت کی بڑی کامیابی ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story