فلم اسٹار زریں 50 فیصد آمدن صاف پانی کی فراہمی اور بچوں کی تعلیم پر خرچ کریں گی

قیصر افتخار  ہفتہ 4 فروری 2017
جب بھی اچھائی کے لیے قدم بڑھاتے ہیں تواللہ کی رحمت شامل ہوتی ہے، اداکارہ۔ فوٹو: فائل

جب بھی اچھائی کے لیے قدم بڑھاتے ہیں تواللہ کی رحمت شامل ہوتی ہے، اداکارہ۔ فوٹو: فائل

لاہور: فلم اسٹار زریں نے فلم، ٹی وی اورفیشن کی سرگرمیوں سے حاصل ہونے والی آمدنی کا پچاس فیصد حصہ مستحق افراد کو صاف پانی کی فراہمی، بچوں کی تعلیم اور علاج و معالجہ پرخرچ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے فلاحی ادارہ قائم کرنے کی تیاریاں شروع کر دیں۔

اداکارہ زریں نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بطور اداکارہ مختلف پروجیکٹس کی شوٹنگ کے لیے ملک کے دور دراز علاقوں میں جانے کا موقع ملتا رہتا ہے۔ اس دوران اپنے ہی ملک میں بسنے والے لوگوں کے گزر بسر کا حال دیکھ کر اکثر آنکھیں نم ہو جاتیں۔ میں اپنی مدد آپ کے تحت فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی لیکن میں وسیع پیمانے پر کچھ کرنے کا ارادہ رکھتی تھی اور اب میں نے باقاعدہ اس حوالے سے ایک فلاحی ادارہ بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کا نام جلد ہی میڈیا سے ملاقات کے دوران اناؤنس کیا جائے گا۔

زریں نے کہا کہ فلاحی ادارہ ملک بھرکے پسماندہ علاقوں کے لوگوں کو بہترین سہولتوں کی فراہمی کے لیے دن رات کام کرے گا اور اس کے لیے جلد ہی اسکول، کالج اور یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے اسٹوڈنٹس کو سروے کے بعد ممبر شپ بھی جائے گی جب کہ فلاحی ادارے کی ٹیم میں ایسے نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کوشامل کیا جائے گا، جو لوگوں کی خدمت کے جذبے سرشار ہوں۔ جہاں تک بات فلاحی ادارے کوچلانے اورفنڈریزنگ کی ہے توپاکستانیوں نے ہمیشہ مشکل گھڑی میں نمایاں کردارادا کیا ہے۔ پاکستان میں قیامت خیز زلزلہ آئے یا سیلاب، پوری قوم ایک جان ہوکراپنے متاثرہ بہن بھائیوں کی سپورٹ کے لیے نکل پڑتی ہے۔

اداکارہ نے امید ظاہر کی کہ جب ہم اس ادارے کے کارواں کولے کرآگے بڑھیں گے توپھراس میں لوگ خود بخود شامل ہوتے رہیں گے اورلوگوں سے پہلے میں اپنی جیب سے بھاری رقم اس کارخیرمیں شامل کروں گی۔ یہی نہیں میں اپنے تمام پروجیکٹس کی آمدن کا پچاس فیصد اس تنظیم کودوں گی اوراپنے ساتھی فنکاروں کو بھی اس اہم پروجیکٹ میں حصہ ڈالنے کے لیے درخواست کروں گی۔ مجھے امید ہے کہ میرا یہ پروجیکٹ میری توقعات سے بڑھ کر بہترثابت ہوگا کیونکہ جب بھی ہم کوئی اچھا اورنیک کام کرنے کے لیے قدم آگے بڑھاتے ہیں تواللہ پاک کی رحمت اور برکت اس میں شامل ہو جاتی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔