تھائی لینڈ سرفہرست چاول برآمد کنندہ کی حیثیت سے محروم

مہنگا چاول خریدنے کی سرکاری پالیسی کے باعث2012 میں صرف 69 لاکھ ٹن ایکسپورٹ

بھارت چاول کی 95 لاکھ اور ویتنام78 لاکھ ٹن برآمدات کے ساتھ آگے نکل گئے۔ فوٹو: فائل

تھائی لینڈ کسانوں کی آمدنی میں اضافے کیلیے متنازع اسکیم متعارف کرانے کے باعث 2012 میں چاول کے سب سے بڑے برآمدی ملک کی حیثیت گنوا بیٹھا۔

تھائی رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے مطابق گزشتہ سال تھائی لینڈ سے 35 فیصد کمی سے 69 لاکھ ٹن چاول برآمد کیا گیا جبکہ بھارت نے 95 لاکھ ٹن اور ویتنام نے 78 لاکھ ٹن چاول برآمد کیا۔ 2011 میں تھائی چاول کی برآمد 1 کروڑ 6 لاکھ ٹن رہی تھی۔


ایسوسی ایشن کے صدر نے کہا کہ ہم 1980 یعنی 31 سال سے چیمپئن تھے مگر 2012 میں ہم سرفہرست پوزیشن سے ہاتھ دھو بیٹھے، وزیراعظم کی مارکیٹ پرائس کے مقابلے میں 50 فیصد زائد قیمت پر کسانوں سے چاول کی خریداری نے تھائی چاول کی مسابقتی صلاحیت کو بری طرح متاثر کیا اور اب تھائی چاول حریف ممالک سے 130 سے 150 ڈالر فی ٹن مہنگا ہے جس کی وجہ سے ہماری برآمدات گریں کیونکہ کوئی خریدار ہم سے چاول خریدنا نہیں چاہتا۔



برآمد کنندگان کو بقا کیلیے اپنا کاروبار تبدیل کرنا ہوگا کیونکہ چاول اب سیاسی ایشو بن گیا ہے، تھائی لینڈ کی سالانہ پیداوار 2 کروڑ ٹن ہے جس میں سے 50 فیصد برآمد کیا جاتا تھا مگر اب تھائی لینڈ کے پاس 1.2 کروڑ سے 1.3 کروڑ ٹن چاول اسٹاک میں ہے اور 2013 کی تیسری سہ ماہی تک یہ اسٹاک 2 کروڑ ٹن کے پہاڑ میں تبدیل ہوجائے گا۔
Load Next Story